Tilawat e Quran Kay Shoqeen

Book Name:Tilawat e Quran Kay Shoqeen

شوقِ تِلاوت پیدا کیجئے!

پیارے اسلامی بھائیو!  ہمیں بھی چاہئے کہ دِل میں شوقِ تِلاوت بڑھائیں اور روزانہ کچھ نہ تِلاوت ضرور کیا کریں ، ہو سکے تو کچھ سُورتیں زبانی یاد کر لیں ، وقتاً فوقتاً پڑھتے رہا کریں بلکہ نماز میں اُن سُورتوں کی تِلاوت کریں ، اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! ڈھیروں ثواب نصیب ہو گا۔ مسلمانوں کے چوتھے خلیفہ اَمِیْرُ الْمُؤْمِنِیْن حضرت مولیٰ علی رَضِىَ اللّٰهُ عَنْهُ فرماتے ہیں : جو نماز میں کھڑے ہو کر تِلاوت کرے ، اس کے لئے ہر حرف کے بدلے 100 نیکیاں ہیں ، جو نماز میں بیٹھ کر تِلاوت کرے ، اس کے لئے ہر حرف کے بدلے 50 نیکیاں ہیں ، جو نماز کے عِلاوہ باوُضُو تِلاوت کرے ، اس کے لئے 25 نیکیاں اور جو بغیر وُضُو(قرآنِ کریم کو چھوئے بغیر )  تِلاوت کرے ، اس کے لئے ہر حرف پر 10 نیکیاں ہیں۔([1])

قرآن بلندی دیتا ہے

ایک حدیث شریف میں ہے : قرآن شفاعت کرنے والا ہے اور اس کی شَفَاعت قبول کی جائے گی ، جو بندہ قرآنِ مجید کو اپنا امام بنا لے ، قرآنِ کریم اسے جنّت کی طرف لے جاتا ہے اور جو بندہ قرآنِ مجید کو پسِ پُشْت ڈال دے ، اسے جہنّم کی طرف چلا دیتا ہے۔ ([2])

فقیہ اَبُو اللَّیث سمرقندی رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه فرماتے ہیں : یعنی جو بندہ قرآنِ مجید کی تِلاوت کرے ، اس پر عَمَل کرے ، قرآنِ مجید اسے جنّت میں پہنچا دیتا ہے اور جو قرآنِ کریم سے بےوفائی کرے ، اس کی تِلاوت نہ کرے ، اس پر عَمَل نہ کرے  قرآنِ کریم روزِ قیامت اسے جہنّم کی طرف لے جایا جائے گا۔ ([3])


 

 



[1]...احیاء العلوم مترجم ، جلد : 1 ، صفحہ : 831۔

[2]...مصنف ابن ابی شیبہ ، باب تعلیم القرآن ، جلد : 3 ، صفحہ : 229 ، حدیث : 6030۔

[3]...تنبیہ الغافلین ، صفحہ : 238۔