Book Name:Tilawat e Quran Kay Shoqeen
حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللّٰهُ عَنْه سے روایت ہے ، اللہ پاک کے آخری نبی ، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللّٰهُ عَلَیْهِ وَ آلِهٖ وَ سَلَّم نے فرمایا : دُنیا میں 4 چیزیں اجنبی ہیں (1) : ظالِم کے دِل میں قرآن اجنبی ہے (2) : آبادی میں ویران مسجد کہ اس میں نماز نہ پڑھی جائے ، وہ مسجد اجنبی ہے (3) : وہ گھر جہاں قرآنِ مجید کی تِلاوت نہیں کی جاتی ، وہاں قرآنِ مجید اجنبی ہے اور (4) : بُری قوم میں نیک آدمی اجنبی ہے۔ ([1])
اللہ! اللہ! اے عاشقانِ رسول ! غورفرمائیے! کیا آج ہمارے اکثر گھروں کی یہی حالت نہیں ہے؟ وہاں قرآنِ مجید موجود ہے مگر اس کی تِلاوت نہیں کی جاتی ، کئی کئی دِن تک اسے کھولا نہیں جاتا ، ہمارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللّٰهُ عَلَیْهِ وَ آلِهٖ وَ سَلَّم نے فرمایا : ایسا گھر جہاں قرآنِ کریم موجود ہے مگر اس کی تِلاوت نہیں کی جاتی ، اس گھر میں قرآن اجبنی ہے۔ اندازہ کیجئے! اگر آج ہم اپنے گھروں میں قرآنِ مجید کو اجنبی بنا کر رکھیں گے تو کل قبر میں قرآنِ مجید سے اُنسیت کیسے حاصِل کر پائیں گے؟ اس لئے ہمیں چاہئے کہ آج ہم دُنیا میں قرآنِ مجید کھولنے کی عادَت ڈالیں ، قرآنِ مجید کی خوب خوب تِلاوت کریں ، اپنا جدول بنائیں ، روزانہ کا ہدف مقرر کریں کہ میں روزانہ اتنی تِلاوت کیا کروں گا ، پھر اس ہدف پر استقامت کے ساتھ عَمَل پیرا ہوں ، شروع شروع میں ہو سکتا ہے استقامت نہ مِل پائے ،