Book Name:Khareed o Farokht Ki Chand Ahtiyatein
اور جب انہیں ماپ یا تول کر دیں کم کردیں ۔
تفسیر صراط الجنان میں ہے : ناپ تول انتہائی اہم معاملہ ہے ، تقریباً تمام لوگوں کو اَشیا بیچنے اور خریدنے سے واسِطہ پڑتا ہے اور زیادہ تر چیزوں کا بیچنا اور خریدنا انہیں ناپنے اور تولنے پر ہی مَبنی ہے ، ( اسی لئے قرآنِ مجید میں کئی مقامات پر اس کی اہمیت کو بیان کیا گیا ہے ) ۔ صحیح ناپنے اور تولنے کا انجام دنیا میں بھی بہتر ہوتا ہے کہ * اس سے لوگوں کا اعتبار قائم رہتا ہے * تجارت میں خوب اضافہ ہوتا ہے * اور رزق میں برکت ہوتی ہے۔
اور آخرت میں بھی یقینا بہتر ہو گا کہ * اِس حوالے سے لوگوں کا اُس پر کوئی حق نہیں ہوگا اور یوں لوگ اپناحق طلب کرنے کے لئے اسے نہیں پکڑیں گے * یہ حرام رزق کھانے اور کھلانے کے عذاب سے بچ جائے گا * اور ا س کے نیک اعمال محفوظ رہیں گے * اور جو لوگ ناپ تول میں کمی کرتے ہیں ، ان کے لئے سخت اور دردناک عذاب ہیں۔ ( [1] )
ایک بزرگ فرماتے ہیں : میں اپنے ایک پڑو سی کی عیادت کے لئےگیا ، جو گندم بیچا کرتا تھا ، جب میں اس کے سر ہانے بیٹھا تو اسے بار بار یہ کہتے سنا : آگ کے 2پہاڑ ، آگ کے 2پہاڑ۔جب میں نے اس کے گھر والوں سے اس کے بارے میں پوچھا ، تو ان لوگوں نے بتایا کہ اس کے پاس غلہ ناپنے کے 2 پیمانے تھے ، جب یہ کسی سے گندم خریدتا تو اسے بڑے پیمانے سے ناپتا اور جب کسی کو بیچتا تو چھوٹے پیمانے سے ناپ کر بیچتا تھا ۔وہ بزرگ فرماتے ہیں : تب میں سمجھا کہ وہی 2 برتن اسے آگ کے پہاڑو ں کی صورت میں نظر آرہے ہیں۔ ( [2] )