Book Name:Khareed o Farokht Ki Chand Ahtiyatein

اللہ پاک پارہ : 9 ، سورۂ اعراف ، آیت : 201  میں ارشاد فرماتا ہے :

اِنَّ الَّذِیْنَ اتَّقَوْا اِذَا مَسَّهُمْ طٰٓىٕفٌ مِّنَ الشَّیْطٰنِ تَذَكَّرُوْا فَاِذَاهُمْ مُّبْصِرُوْنَۚ(۲۰۱)   ( پارہ : 9 ، سورۂ اعراف : 201 )  

ترجَمہ کنز الایمان : بے شک وہ جو ڈر والے ہیں جب انہیں کسی شیطانی خیال کی ٹھیس لگتی ہے ہوشیار ہو جاتے ہیں اسی وقت ان کی آنکھیں کھل جاتی ہیں۔

 مشہور مفسرِ قرآن ، حکیم الاُمّت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃُ اللہ علیہ اس آیت کے تحت فرماتے ہیں : مومن متقی کی فطرت شیطانی وسوسوں اور ابلیسی خیالات کو قبول نہیں کرتی ، اگر کبھی مومن کو یہ چیزیں  ( مثلاً شیطانی وسوسے ، ابلیسی خیالات ، جانے انجانے کی کوئی خطا وغیرہ )  پیش آجائیں تو اللہ پاک کی طرف سے انہیں وہ خطا یاد دِلا دِی جاتی ہے ،  یُوں یہ اس گندگی سے خُود کو پاک کر لیتے ہیں۔ مفتی صاحِب مزید فرماتے ہیں : مومن متقی فرشتوں کے گروہ سے ہے کہ اس کی اور فرشتوں کی فطرت ( Nature )  یکساں ہے ، یہ حضرات بشر صُورت ، مَلَک سِیْرت  ( یعنی دِکھنے میں انسان اور سیرت میں فرشتہ صِفَّت )  ہوتے ہیں۔ ( [1] )  

اللہ پاک ہمیں بھی اَوْلیائے کرام کا فیضان نصیب فرمائے ، کاش ! ہمیں بھی تقویٰ کی دولت ملے ، ہم گُنَاہوں سے بچیں اور نیکیوں والی زِندگی گزارنے میں کامیاب  ( Successful ) ہو جائیں۔

 آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہ علیہ وَآلہٖ و َسَلَّم ۔

دے حُسْنِ اَخْلاق کی دولت                کر دے عطا اِخْلاص کی نعمت

مجھ کو خزانہ دے تقویٰ کا                   یااللہ !  مری  جھولی  بھر  دے ( [2] )


 

 



[1]...تفسیر نعیمی ، پارہ : 9 ، سورۂ اعراف ، زیرِ آیت : 201 ، 202  ، جلد : 9 ، صفحہ : 460  بتغیر قلیل۔

[2]...وسائلِ بخشش ، صفحہ : 123۔