Book Name:Shaitan Aur Sajda e Adam

اللہ ُاکبر! پیارے اسلامی بھائیو! اندازہ کیجئے! حَسَد کتنا بڑا فتنہ اور کتنا بڑا شَر ہے کہ رَبِّ کائنات نے حَسَد کرنے والے کو شیطان کے ساتھ مِلایا اور حکم دیا کہ ان سب سے پناہ مانگو! ([1])

امام غزالی رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں: *حَسَد بےچینی اور بےمقصد غم و فِکْر میں مبتلا کرتا ہے *حَسَد کی وجہ سے انسان ذِلَّت و محرومی کی لعنت میں گرفتار ہو جاتا ہے اور *حَسَد کی ایک بڑی تباہ کاری یہ ہےکہ حَسَد دِل کو اندھا کر دیتا ہے، یہاں تک کہ اللہ پاک کے اَحْکام سننے اور سمجھنے کی صلاحیت ختم ہو جاتی ہے۔([2])

شیطان کے اَنجام سے عبرت پکڑو

حضرتِ علامہ عبدُ الوہاب شَعرانی رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں: کہ جسے اللہ پاک نے تجھ پر برتری دی ہے اس سے حَسَد کرنے سے پرہیز کر! ورنہ تجھے اللہ پاک اس طرح مَسْخ کر دے گا (یعنی تمہاری فطرت کو یُوں بگاڑ دیا جائے گا) جس طرح اس نے اِبلیس کو فرشتوں والی صُورت سے صورتِ شیطانی میں مَسْخ (تبدیل)کر دیا۔([3])

ایمان کی دولت چھن جانے کا خطرہ

اللہ پاک کے پیارے حبیب، طبیبوں کے طبیب صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کا فرمان ہے : تم میں پچھلی اُمّتوں کی بیماری حَسَد اور بُغْض سرایت گئی ، یہ مونڈ دینے والی ہے، میں نہیں کہتا کہ بال مونڈتی ہے لیکن یہ دین کو مونڈ دیتی ہے۔([4])


 

 



[1]...منہاج العابدین، صفحہ:163 بتغیر قلیل ۔

[2]...منہاج العابدین، صفحہ:164 بتغیر قلیل ۔

[3]...طبقات الکبریٰ للشعرانی، ومنہم الاستاذ سیدی علی ولدہ رَضِیَ اللہُ عنہ ،صفحہ:349۔

[4]...ترمذی، ابواب صفۃ القیامۃ والرقائق والورع، صفحہ:593، حدیث:2510۔