Book Name:Qayamat Ke Din Ke Gawah
باریک پُل صراط پر گھسٹتے ہوئے اپنے رَبِّ کریم کو پُکارے گا: یَا رَبِّ! بَلِّغْ بِیَ الْجَنَّۃَ وَ نَجِّنِی مِنَ النَّارِ یعنی اے رَبِّ کریم! مجھے جنّت میں پہنچا، اے میرے رحمٰن و رحیم اللہ پاک! مجھے جہنّم سے نجات عطا فرما۔ اللہ پاک فرمائے گا: اے بندے! اگر میں تجھے جہنّم سے نجات بخشوں اور جنّت عطا کر دوں تو کیا تُو اپنے گُنَاہوں اور خطاؤں کا اقرار کر لے گا؟ بندہ عرض کرے گا: ہاں، اے رَبِّ کریم! تیری عزّت و جلال کی قسم! اگر مجھے جہنّم سے نجات مل جائے تومیں ضرور اپنے گُنَاہوں کا اقرار کر لوں گا۔ چنانچہ اسے پُل صراط سے بآسانی گزار دیا جائے گا۔ اب بندہ سوچے گا: اگر میں نے اپنے گُنَاہوں کا اقرار کر لیا تو کہیں دوبارہ جہنّم میں نہ ڈال دیا جاؤں۔ (یہ ابھی انہیں سوچوں میں ہو گا، ادھر) اللہ پاک فرمائے گا: اے بندے! اپنے گُنَاہوں کا اقرار کر! میں تجھے بخش دوں گا، تجھے جنّت عطا فرماؤں گا۔
بندہ کہے گا: نہیں مولیٰ! تیری عزّت کی قسم! میں نے تو کبھی کوئی گُنَاہ نہیں کیا، نہ مجھ سے کوئی خطا ہوئی ہے۔ اللہ پاک فرمائے گا: اے بندے! میرے پاس تیرے خِلاف گواہ ہیں۔ بندہ گھبرا کر اِدھر اُدھر دیکھے گا، کوئی نظر نہیں آئے گا تو عَرْض کرے گا: اے اللہ پاک! گواہ کہاں ہیں؟ اب اللہ پاک کے حکم سے اس کی جِلْد (Skin)بولے گی اور اس کے تمام صغیرہ گُنَاہ بیان کر دے گی۔ اب اسے معلوم ہو گا کہ چُھٹکارے کی کوئی صُورت نہیں ہے، چنانچہ اپنے گُنَاہوں کا اقرار کرتے ہوئےعَرْض کرے گا: مولیٰ! تیری عزّت کی قسم! میں نے کبیرہ گُنَاہ بھی کئے ہیں۔ اللہ پاک فرمائے گا: میں جانتا ہوں، تم سب گُنَاہوں کا اقرار کرو! میں تجھے بخش دوں گا، تجھے جنّت بھی عطا فرماؤں گا۔ پس بندہ اپنے تمام گُنَاہوں کا اقرار کر لے گا، تب اسے جنّت میں داخِل کر دیا جائے گا۔ رسولِ اکرم، نورِ مُجَسَّم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم