Book Name:Mola Ali Aur Fikr e Akhirat
اللہ پاک ہمیں اور تمہیں جنت میں داخل کرے اور دردناک عذاب سے بچائے۔([1])
پیارے اسلامی بھائیو! یہی درست بات ہے، ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ جنّت کی طرف دوڑ پڑیں، اس میں بالکل دَیْر نہ لگائیں، بس آج سے ہم اپنا یہ پکّا ذِہن بنا لیں، پہلے جو زندگی گزری، جیسی گزری، گزر گئی، اب سے ہم نیکیوں میں دِل لگائیں گے، پہلے جو گُناہ ہو گئے، ان کی سچّے دِل سے توبہ کر لیں گے، آیندہ کبھی گُنَاہوں کے قریب نہیں جائیں گے اور بس آخرت کی فِکْر میں مَصْرُوف ہو جائیں گے۔ حضرت مولیٰ علی رَضِیَ اللہُ عنہ کا بہت پیارا ارشاد ہے، آپ نے فرمایا:بَقِیَّۃُ عُمْر ِالرَّجُلِ لَا ثَمَنَ لَہٗیعنی آدمی کی جو زندگی باقی ہے، وہ انمول ہے۔ ([2])
الحمد للہ! ہماری سانسیں ابھی چل رہی ہیں، انہیں غنیمت جَانیں، ابھی توبہ کا دروازہ کھلا ہوا ہے، اس سے فائدہ اُٹھائیں، الحمد للہ! رَمْضَانُ الْمُبارَک کے برکت والے دِن چل رہے ہیں، آخری عشرہ تشریف لانے والا ہے، بخشش و مغفرت کے پروانے تقسیم ہونے کے دِن ہیں، ان سے فائدہ اُٹھائیں، رَمْضَان کے باقِی دِن اور پِھر ساری زندگی نیک کاموں میں گزارنے کی پکّی سچّی نیت کر لیں، اللہ پاک ہم سب کو عَمَل کی توفیق نصیب فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم ۔