بے اولاد جوڑے متوجہ ہوں

وظائف

ماہنامہ فیضانِ مدینہ نومبر2023

پریشانیوں اور تنگیوں سے نَجات

حضرتِ سیِّدُنا عبد اللہ    بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جس نے استغفارکو اپنے اوپر لازم کرلیا اللہ پاک اس کی ہر پریشانی دُور فرمائے گا اور ہر تنگی سے اسے راحت عطا فرمائے گا اور اسے ایسی جگہ سے رِزق عطا فرمائے گا جہاں سے اسے گُمان بھی نہ ہو گا۔(ابن ماجہ، 4/257، حدیث:3819)

بازار میں نقصان نہ ہو بلکہ فائدہ ہو

بازار جائیں تو یہ دُعا پڑھیں:

بِسْمِ  اللّٰہ   اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ خَیْرَ ھٰذِہِ السُّوْقِ وَخَیْرَ مَا فِیْھَا وَاَعُوْذُبِکَ مِنْ شَرِّھَا وَشَرِّ مَا فِیْھَا اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ  اَعُوْذُبِکَ اَنْ اُصِیْبَ فِیْہَا یَمِیْنًا فَاجِرَۃً  اَوْصَفْقَۃً خَاسِرَۃً

اِس دُعا کی برکت سے اِنْ شَآءَ  اللہ الکریم بازار میں خوب نفع ہو گا اور کوئی گھاٹا نہیں ہوگا اس دُعا کو حُضورِ اکرم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے پڑھا ہے۔(مستدرک للحاکم، 2/232، حدیث:2021-جنّتی زیور، ص580)

99 بیماریوں کے لئے دوا

حضرت سیِّدُنا ابوہریرہ    رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ سرکارِ دو عالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے ارشاد فرمایا: جس نے ”لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہ“ کہا تو یہ (اس کے لئے) ننانوے بیماریو ں کی دوا ہے ان میں سب سے ہلکی بیماری رنج و الَم ہے۔ (الترغیب والترہیب، 2/285، حدیث:2448)

بے اولاد جوڑے متوجہ ہوں!

یَا اَوَّلُ 41 بار روزانہ پڑھئے، اِنْ شآءَ اللہ الکریم صاحبِ اولاد ہوجائیں گے۔(مدّت:40دن)(زندہ بیٹی کنویں میں پھینک دی، ص22)


Share