
وظائف
ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ 2025
روزی میں برکت کا وظیفہ
یکم (1st) رمضانُ المبارک کومغرب کی نماز کے بعد جو کوئی 21بار سُورۃُ القَدر پڑھے تو اُس کی روزی میں ایسی برکت ہوگی جیسے اونچی جگہ سے پانی نیچے کی طرف تیزی سے آتاہے اِس طرح اُس کی طرف مال و دولت تیزی سے بڑھے گااوریوں اُس کی تنگدستی دور ہوگی۔
بچّے کیڑے مکوڑوں سے محفوظ رہیں گے اِن شآءَ اللہ
لَآ اِلٰہَ اِلَّااللہُ
55بار(اوّل آخِر ایک بار دُرُود شریف کے ساتھ) پڑھ کر زیتون شریف کے تیل پر دَم کر کے بچّے کے جسم پر نرمی کے ساتھ مَل دیا جائے تو بے حدمُفید ہے۔اِن شآءَ اللہُ الکریم کیڑے، مکوڑے اور دیگر مُوذی جانور بچّے سے دُور رہیں گے۔ اِس طرح کاپڑھا ہوا تیل بڑوں کے جِسمانی دَردوں میں مالِش کے لئے بھی نہایت کارآمد ہے۔(فیضانِ سنت، 1/995)
تلاوتِ قراٰن سے مرض میں کمی ہوتی ہے
حضرت طلحہ بن مطرف رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں:ایک مریض تھا جب اس کے پاس قراٰنِ پاک کی تلاوت کی جاتی تو وہ بیماری سے افاقہ محسوس کرتا، میں اس کے خیمہ میں گیا اور اس سے کہا کہ آج میں تمہیں تَندرست دیکھ رہاہوں! اس نے جواب دیا کہ میرے پاس قراٰنِ پاک کی تلاوت کی گئی ہے۔(التبیان فی آداب حملۃ القراٰن للنووی،ص94)
کمر کے درد کا روحانی علاج
فجر کی سنّتوں اور فرض کے درمِیان 41 بار سُوْرَۃُ الْفَاتِحَہ پڑھئے، ہر بار پہلے بِسمِ اللہ شریف بھی پڑھئے۔اِن شآءَ اللہُ الکریم کمر کے درد سے نجات ملے گی۔(بیمار عابد،ص37)
Comments