اوراد و وظائف

ماہنامہ نومبر 2021

ہڈی جوڑنے کے لئے :

تین دن تک سورۂ تَوبَہ کی آیت : 129اوّل آخِر دُرود شریف کے ساتھ ایک ایک بار پڑھ کر بار بار دَم کیجئے۔ اِنْ شآءَ اللہ ٹوٹی یا پھٹی ہوئی ہڈی جُڑ جائے گی۔  (گھریلو علاج ، ص 84)

ایسے بخار کا روحانی علاج جو دواؤں سے نہ جاتا ہو :

عمل کے دَوران مریض سُوتی (یعنی Cottonکے) کپڑے پہنے رہے (کے ٹی یا دوسرے مصنوعی دھاگے کے بنے ہوئے کپڑے نہ ہوں) اب کوئی دُرُست قراٰن پڑھنے والا باوُضُو ہر بار  بِسْمِ اللہ شریف کے ساتھ بآوازِ بلند21بار سُوْرَۃُ الْقَدْر اس طرح پڑھے کہ مریض سُنے ، مریض پر دَم بھی کرے اور پانی کی بوتل پر بھی دَم کرے ۔ مریض وقتاً فوقتاً اس میں سے پانی پیتا رہے۔ یہ عمل تین دن تک مسلسل کیجئے اِنْ شآءَ اللہ بخار چلا جائے گا۔  (بیمار عابد ، ص25)

تلاشِ مَعاش :

تلاشِ مَعاش کے لئے “ سورۂ اِخلاص “ کوبِسْمِ اللہ شریف کے ساتھ ایک ہزارایک بار ، اوّل آخِر سو سو مرتبہ دُرود شریف ، عُرُوجِ ماہ (یعنی چاندکی پہلی سے چودھویں تاریخ تک کے زمانہ) میں پڑھنا نہایت مؤثر ہے۔

(کام کے اوراد ، ص4)

گمشدہ  کے واپَس آنے    یا اُس کی خبر ملنے کے لئے :

ایک بڑے کاغذ کے چاروں کونوں پر “ یَاحَقُّ “ لکھ کر آدھی رات کو یا کسی بھی وَقت دونوں ہاتھوں پر رکھ کر کھلے آسمان تلے کھڑے ہوکر دعا کیجئے۔ اِنْ شآءَ اللہ  یا تو گمشدہ فرد جلد واپَس آجائے گا یا اُس کی خبر مل جائے گی۔ (مدّت : تا حُصولِ مُراد)                          (مینڈک سوار بچھو ، ص21)


Share