مختلف سورتوں کے فضائل

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اکتوبر 2021

اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمدِ مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے بیماریوں ، مصیبتوں اور تنگ دستیوں وغیرہ سے بچنے کے لئے مختلف دُعائیں اور اَوراد و وظائف بیان فرمائے ہیں ، ان کے علاوہ قراٰنِ کریم کی مختلف آیات اور مختلف سُورتوں کے  دنیوی فوائد بھی  بیان فرمائے۔ آئیے! ذیل میں مختلف سورتوں کے دنیوی فوائد   پر مشتمل چند روایات پڑھتے ہیں :

سُورۂ بَقَرَہ اور سُورۂ اٰلِ عمرٰن :

حضرت سیّدُنا عبد اللہ بن مسعود  رضی اللہُ عنہ  کے پاس ایک شخص نے سورۂ بقرہ اور اٰلِ عمرٰن پڑھی تو آپ نے فرمایا : تم نے دو ایسی سورتیں پڑھیں ہیں جن میں اللہ کا اسمِ اعظم ہےکہ اس کے وسیلے سے دعا کی جائے توقبول ہوگی اور مانگا جائے تو ملے گا۔ (دارمی ، 2 / 543 ، رقم : 3393)

سُورۂ یٰسٓ :

 حضرت سیّدُنا عطاء بن ابی رباح  رضی اللہُ عنہ  فرماتے ہیں : مجھے خبر ملی ہے کہ حضور پُر نور  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے ارشاد فرمایا : جو دن کے شروع میں سورۂ یٰسٓ پڑھ لے تو اس کی ضرورتیں پوری ہوں گی۔ (دارمی ، 2 / 549 ، حدیث : 3418)

سُورۂ یٰسٓ اور سُورۂ صٰٓفّٰت :

حضرت سیّدُنا عبداللہ بن عباس  رضی اللہُ عنہما  سے مروی ہے ، نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے ارشاد فرمایا : جس نے جمعہ کے دن سُورۂ یٰسٓ اور سُورۂ صٰٓفّٰت کی تلاوت کی ، پھر اللہ کریم سے کوئی سوال کیا تو اللہ کریم اس کا وہ سوال پورا کر دے گا۔ (تفسیر در منثور ، 7 / 77)

سُورۂ فَتح :

حضرت سيّدُنا یزید بن ہارون  رحمۃُ اللہِ علیہ  فرماتے ہیں کہ میں نے عبد الرّحمٰن بن عبد اللہ مسعودی  رضی اللہُ عنہ  کو فرماتے سنا : مجھے یہ روایت پہنچی ہےکہ جو رمضان کی پہلی رات میں نفل نماز کے اندر سُورۂ فَتح پڑھ لے وہ اس سال محفوظ و مامون رہے گا۔  (تفسیر در منثور ، 7 / 512)

سُورۂ واقِعہ :

حضرت سیّدُنا عبد اللہ بن مسعود  رضی اللہُ عنہ  سے روایت ہے ، حضور نبیِّ اکرم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے ارشاد فرمایا : جو شخص روزانہ رات کے وقت سورۂ واقعہ پڑھے تو وہ فاقے سے ہمیشہ محفوظ رہے گا۔ (شعب الایمان ، 2 / 492 ، حدیث : 2500) دوسری روایت میں ہے کہ اپنی عورتوں کو سورۂ واقعہ سکھاؤ کیونکہ یہ سورۃُ الغنٰی (یعنی محتاجی دور کرنے والی سورت) ہے۔ (مسند الفردوس ، 3 / 10 ، حدیث : 4005)

سُورۂ اِخلاص :

حضرت جَريربن عبد اللہ  رضی اللہُ عنہ  سے روایت ہے رسولُ اللہ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : جو شخص اپنے گھر میں داخل ہوتے وقت سورۂ اِخلاص پڑھے گا تو یہ سورت اس گھر والوں اور اس کے پڑوسیوں سے محتاجی کو دور کردے گی۔  (معجم کبیر ، 2 / 340 ، حدیث : 2419)


Share