پرانا تالاب (قسط:01)

جانوروں کی سبق آموز کہانیاں

 پُرانا تالاب(قسط : 01)

*   ابو معاویہ عطاری مدنی

ماہنامہ ربیع الآخر 1442ھ

ایک تو سفر کی تھکاوٹ اور اوپر سے بارش کی آمد! بہتر ہے کہ ابھی یہیں رُکا جائے ، سفری مینڈک نے دل ہی دل میں فیصلہ کیا اور راستہ سے ہٹ کر ایک طرف بیٹھ گیا۔ کچھ ہی دیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ چمک والی ایسی تیز بارش ہوئی کہ چند منٹوں ہی میں ہر طرف پانی جمع ہوگیا اور لمبے لمبے درخت گر گئے۔

ہائے افسوس! اب کیسے جاؤں گا؟ درخت گرجانے سے تو راستے کے نشانات بھی مٹ چکے ہیں اور نقشہ بھی سارا بھیگ گیا ہے ، اوپر سے اندھیرا بھی ہو رہا ہے ، بارش کے رک جانے کے بعد حالات کا جائزہ لیتے ہوئے سفری مینڈک پریشان ہورہا تھا۔

ٹر ٹر! ٹر ٹر!! ٹر ٹر!!! کی آوازیں کچھ دور سے سفری کو سنائی دینے لگیں تو اس کی جان میں جان آئی اور تنہائی میں اپنائیت محسوس ہوئی ، اس نے بھی زور زورسے ٹر ٹر کرنا شروع کردیا اور اپنی زبان میں دوسرے مینڈکوں کو اپنی حالت کے بارے میں بتایا۔

کچھ دیر بعد چند مینڈک اس کے سامنے کھڑے تھے ، مگر سفری مینڈک انہیں دیکھ کر اور وہ اسے دیکھ کر حیرت میں پڑگئے ، کچھ دیر تک تو خاموشی سے ایک دوسرے کو دیکھنے لگے پھر کنفرم کرنے کے لئے ٹرٹر کی آوازیں نکالیں تو تسلی ہوئی کہ یہ بھی مینڈک ہے۔

ان میں سے ایک بڑی عمر کا مینڈک  آگے بڑھ کر کہنے لگا : مجھے سب یہاں خبری کہتے ہیں اور یہ باقی جوان سب میرے ساتھی ہیں ، میں نے اپنی پوری زندگی میں آپ جتنا لمبا اور موٹا مینڈک نہیں دیکھا ، آپ تو ہمارے سردار سے بھی بڑے ہیں ، آپ ہمارے ساتھ پُرانے تالاب چلیں ، ہماری طرح باقی سب بھی آپ کو دیکھ کر بہت خوش ہوں گے۔

سفری مینڈک نے اپنے حیران ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا : میں نے بھی اپنی زندگی میں اتنے چھوٹے اور پتلے مینڈک نہیں دیکھے! مگر سوال یہ ہے کہ میں آپ کے ساتھ وہاں کیوں جاؤں؟ اور پرانا تالاب کون سی جگہ ہے؟ میں نے توکبھی اس کا نام نہیں سنا۔

خبری نے کہا : بالکل صحیح کہا آپ نے! پُرانا تالاب اپنے نام کی طرح بہت پُرانا ہے مگر گھنے درختوں کےبیچ میں ایسی جگہ پر ہے کہ کسی بھی جانور کو اس کے بارے میں پتا نہیں ، وہاں صرف ہمارے جتنے مینڈک ہیں اور کوئی نہیں۔ پُرانا تالاب یہاں سے زیادہ دور نہیں ہے ، وہاں آرام سے آپ ٹھہر سکتے ہیں ، باقی آپ کی مرضی ہے کہ یہاں اکیلے بےیار و مددگار رکیں یا ہمارے ساتھ چلیں۔

امید ہےوہاں خیر ہی ہوگی! پھر جلدی چلئے! لگتا ہے تھوڑی دیر میں پھر تیز بارش ہونے والی ہے ، سفری نے ساتھ جانے میں ہی عافیت سمجھی تواٹھتے ہوئے کہا۔

پیارے بچّو!سفری کے ساتھ تالاب پر کیا ہوا؟ یہ جاننے کے لئے انتظار کیجئے اگلے ماہ کے “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “                       کا !

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*   ماہنامہ  فیضانِ مدینہ ، کراچی

 


Share

Articles

Comments


Security Code