کیا صحابۂ کِرام رضی اللہ عنھم کو نعت خواں کہہ سکتے ہیں؟

مدنی مذاکرے کے سوال جواب

ماہنامہ ربیع الآخر1442ھ

 (1)کیا صحابۂ کِرام کو نعت خوا ں کہہ سکتے ہیں؟

سُوال : کیاصحابۂ کِرام  رضی اللّٰہ عنہم  کو نعت خواں کہہ سکتے ہیں؟

جواب : ویسے تو ہر مسلمان نعت خواں ہے کیونکہ نعت خواں کے معنیٰ ہیں : ’’نبی کی تعریف کرنے والا۔ ‘‘ایسا کون سا مسلمان ہے جو نعت نہیں پڑھتا اور نبی کی تعریف نہیں کرتا؟ ہاں!آج کل نعت خواں اُسے بولتے ہیں جو نظم کی صورت میں ترنُّم کے ساتھ نعت پڑھتا ہے اور نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی تعریف کرتا ہے۔ ایسے بہت سارے صحابۂ کِرام  رضی اللّٰہ عنہم  ہوئے ہیں جو نعت شریف پڑھتے تھے ، ان کے ناموں کی پوری فہرست موجود ہے۔  (مدنی مذاکرہ ، 5 ربیع الاوّل1441ھ)

(2)غوثِ پاک کا خواب میں دِیدار

سُوال : غوثِ پاک  رحمۃ اللّٰہ علیہ  کا خواب میں دِیدار کیسے ہو سکتا ہے؟  

جواب : جس چیز کا زیادہ ذِکر ہو اور جس چیز کو ہم زیادہ یاد کریں تو بسا اوقات وہ چیز خواب میں بھی آجا تی ہے۔ اِس لئے غوثِ پاک  رحمۃ اللّٰہ علیہ  کا تَذکرہ کریں ، اُنہیں یاد کریں ، اُن کو اِیصالِ ثواب کرتے رہیں اور اُن کے نقشِ قَدَم پر چلتے رہیں ، اِنْ شَآءَ اللّٰہ کبھی نہ کبھی کَرَم ہو ہی جائے گا۔  (مدنی مذاکرہ ، 2ربیع الآخر1441ھ)

(3)غوثِ پاک کے عُرس مُبارَک کی تاریخ

سُوال : حضور غوثِ اعظم شیخ عبدُالقادِر جیلانی  رحمۃ اللّٰہ علیہ  کا عُرس مُبارَک کس تاریخ  کو  ہوتا ہے؟

جواب : سیّدی و مُرشِدی حضور غوثِ پاک شیخ عبدُالقادِر جیلانی  رحمۃ اللّٰہ علیہ  کا وِصالِ باکمال (یعنی اِنتقال شریف)11ربیع ُالآخر کو ہوا تھا ، (تفریح الخاطر(مترجم) ، ص 154) اِس لئے اِس تاریخ کو آپ کا یومِ عُرس منایا جاتا اور اِیصالِ ثواب کیا جاتا ہے۔ ہم اِن 11 دِنوں میں روزانہ مَدَنی مُذاکَرے کر رہے ہیں ، جس سے نیکی کی دعوت پہنچ رہی ہے اور عِلمِ دِین حاصل ہو رہا ہے ، اِنْ شَآءَ اللّٰہ کئی لوگ نیکی کے راستے پر آجائیں گے اور گُناہوں سے تائب ہو کر نمازی بن جائیں گے۔ (مدنی مذاکرہ ، 2ربیع الآخر1441ھ)

(4)بڑی گیارھویں شریف کا مہینا

سُوال : ربیع الآخر کو’’بڑی گیارھویں شریف کا مہینا‘‘کیوں کہا جاتا ہے؟

جواب : دَراصل جو عاشقانِ غوثِ اعظم ہر مہینے گیارھویں کرتے ہیں تو وہ ربیع الآخر کو’’بڑی گیارھویں شریف کا مہینا‘‘ کہتے ہیں۔ جس طرح عُمرے کو حجِ اَصغر یعنی چھوٹا حج کہا جاتا ہے اور 9 ذُوالْحِجَّۃِ الْحَرَام کو میدانِ عَرَفات میں جمع ہونے کو حجِ اکبر یعنی بڑا حج کہا جاتا ہے ، اگر چہ ہمارے ہاں مشہور یہی ہے کہ جو حج جُمعہ کے دِن ہو صِرف اُسے ہی حجِ اکبر کہتے ہیں ، کیونکہ اُس میں 70 حج  کا ثواب ملتا ہے۔ (مراٰۃ المناجیح ، 2؍106)

نہیں کچھ جُمعہ پر موقوف اَفضال و کَرَم اُن کے

جو وہ مقبول فرمالیں  تو ہر حج ، حجِ اَکبر ہے

یعنی ایسا نہیں ہے کہ صرف جُمعہ کے دِن ہی اللہ پاک کا فضل  و کَرَم عام ہوتا ہو ، اُس کا فضل و کرم ہمیشہ عام رہتا ہے ، اِس لئے اللہ پاک جو حج قبول فرمالے وہی حجِ اکبر ہے۔ (مدنی مذاکرہ ، 2 ربیع الآخر1441ھ)

(5)کھجوروں والا عمل گیارھویں کی رات سے پہلے کرنا کیسا؟

سُوال : گیارھویں شریف کی رات کو کھجوروں پر دَم کرنے والا جو عمل کرنا ہوتا ہے کیا وہ پہلے ہی کر کے گیارھویں کی رات کو کھجوریں کھا سکتے ہیں؟

جواب : وہ عمل([1]) گیارھویں رات ہی کو کرنا ہے ، بزرگوں کی طرف سے یہی مُقرَّر ہے۔

(مدنی مذاکرہ ، 2 ربیع الآخر1441ھ)

(6)شوگر کے مَریض کا دَم شُدہ کھجور کھانا کیسا؟

سُوال : کیا دَم کی ہوئی کھجور شوگر کا مَریض کھا سکتا ہے؟

جواب : شوگر کے مَریض کا کھجورکھانے کے لئے اپنے طبیب(Doctor) سے مشورہ کر ناضَروری ہے ۔ عُموماً شوگر کے مَریض کے لئے مٹھائی جلدی’’تبرُّک‘‘بن جاتی ہے ، ایسے لوگ تبرُّ ک کے نام پر مٹھائی کھا کر خود کو دھوکا دے رہے ہوتے ہیں۔ (مدنی مذاکرہ ، 2 ربیع الآخر 1441ھ)

(7)گیارھویں کا ختم سارا سال دِلایا جا سکتا ہے

سُوال : کیا بڑی گیارھویں شریف کا ختم 10 تاریخ کو دِلا سکتے ہیں؟

جواب : سارا سال دِلا سکتے ہیں ، اِس میں کوئی حَرَج نہیں ہے۔ ہر وقت گیارھویں شریف منائیں تب بھی منع نہیں ہے ، سال میں ایک بار منائیں تب بھی منع نہیں ہے ، اگر کوئی بالکل نہیں مناتا اور منانے والوں کو بُرا بھی نہیں سمجھتا ، نیز منانے کو غلَط بھی نہیں کہتا تب بھی گُناہ گار نہیں ہے۔ (مدنی مذاکرہ ، 2 ربیع الآخر1441ھ)

(8)کیا داڑھی کا زمین پر لگنا بے اَدبی ہے؟

سُوال : اگر داڑھی زمین پر لگے تو اس کا کیا ہو گا؟ نیز یہ بےاَدبی تونہیں کہلائے گی ؟

جواب : اِس میں بےاَدبی کی کیا بات ہے! ظاہر ہے جب زمین پر سوئیں گے تو داڑھی تو زمین پر لگے گی ، اِسی طر ح جب سجدہ کریں گے اس وقت بھی داڑھی زمین پر لگے گی ، یہ بےاَدبی کی بات نہیں۔ (مدنی مذاکرہ ، 5ربیع الاوّل 1441ھ)

(9)کفن سِلا ہوا ہونا چاہئے یا بغیر سِلا ہوا؟

سُوال : اسلامی بہنوں کاکفن سِلا ہوا ہونا چاہئےیا بغیر سِلا ہوا؟

جواب : مَرد ہو یا عورت دونوں کے کفن بغیر سلے ہوتے ہیں ۔ (مدنی مذاکرہ ، 5 ربیع الاوّل1441ھ)

(10)آیتِ سجدہ کو آیتِ سجدہ کیوں کہتے ہیں؟

سُوال : آیتِ سجدہ کو آیتِ سجدہ کیوں کہتے ہیں ؟

جواب : آیتِ سجدہ کی تلاوت کرنے سے بلکہ اس کے سجدے والے جُز (یعنی حصّے) کو سننے یا پڑھنے سے سجدہ واجب ہو جاتا ہے اِسی وجہ سے اِس کو آیتِ سجدہ کہتے ہیں۔ (مدنی مذاکرہ ، 5 ربیع الاوّل 1441ھ)



([1])بغدادی نسخہ : ربیعُ الآخر کی گیارھویں شب سارا سال مصیبتوں سے حفاظت کی نیّت سے سرکارِ غوثِ اعظم رحمۃ اللّٰہ علیہ  کے گیارہ نام (اوّل آخر گیارہ باردُرُود شریف) پڑھ کر گیارہ کھجوروں  پر دَم کر کے اُسی رات کھا لیجئے ، اِنْ شَآءَ اللّٰہ سارا سال مصیبتوں  سے حفاظت ہو گی۔ گیارہ نام یہ ہیں : (1)سیِّد مُحْیُ الدِّین سلطان (2)مُحْیُ الدِّین قطب (3)مُحْیُ الدِّین خواجہ (4)مُحْیُ الدِّین مخدوم (5)مُحْیُ الدِّین ولی (6)مُحْیُ الدِّین بادشاہ (7)مُحْیُ الدِّین شیخ (8)مُحْیُ الدِّین مولٰینا(9)مُحْیُ الدِّین غوث (10)مُحْیُ الدِّین خلیل (11)مُحْیُ الدِّین۔ (جنات کا بادشاہ ، ص18) جیلانی نسخہ : رَبِیعُ الآخرکی گیارھویں  رات تین کھجوریں  لے کر ایک بارسُورَۃُ الفاتحہ ، ایک مَرتبہ سُورَۃُ الاِخلاص ، پھر گیارہ بار یاشیخ عبدالقادِر جِیلانی شَیئًا لِلّٰہِ اَلْمَدَد (اوّل آخر ایک بار دُرود شریف)پڑھ کر ایک کھجور پر دَم کیجئے ، اس کے بعد اسی طرح دوسری اور تیسری کھجور پر بھی پڑھ پڑھ کر دَم کر دیجئے ، یہ کھجوریں  راتوں  رات کھانا ضَروری نہیں جو چاہے جب چاہے جس دِن چاہے کھا سکتا ہے۔ اِنْ شَآءَ اللّٰہ پیٹ کی ہر طرح کی بیماری کے لیے مفید ہے۔ (جنات کا بادشاہ ، ص20)


Share

Articles

Comments


Security Code