U.K کا سفر (قسط:02)

سفر نامہ

U.Kکا سفر(قسط : 02)

*   مولانا عبدالحبیب عطاری

ماہنامہ ربیع الآخر 1442ھ

تربیتی اجتماع کا دوسرا دن : 22دسمبر2019ء بروز اتوار مدنی مرکز فیضانِ مدینہ برمنگھم یوکے میں نمازِ فجر کے بعد مدنی حلقہ اور پھر آرام کا سلسلہ ہوا۔ نمازِ ظہر کے بعد تربیتی اجتماع کے دوسرے دن کی نشست کا آغاز ہوا۔ آج کے دن یوکے بھر کے ذیلی سطح کے ذمّہ داران بھی تربیتی اجتماع میں شریک تھے اس لئے شُرَکا کی تعداد میں کافی اِضافہ ہوچکا تھا۔ نمازِ ظہر سے عِشا تک نمازوں کے وقفے کے علاوہ تربیت کا سلسلہ جاری رہا۔ اس دوران سُوال و جواب ہوئے ، گزشتہ ایک سال میں انگلش مدنی چینل کی  کارکردگی  بیان کی گئی ، جامعۃُ المدینہ اور مدرسۃُ المدینہ کے ذمّہ داران نے اپنے شعبہ جات سے متعلّق Presentation پیش کی نیز گزشتہ ایک سال میں کارکردگی کے لحاظ سے اوّل نمبر پر آنے والے استاد صاحب اور ناظم صاحب کی حوصلہ افزائی کے لئے انعامات پیش کئے گئے۔

نمازِ عشا کے بعد تربیتی اجتماع کی آخری نشست کا آغاز ہوا جس میں یوکے بھر کے تمام ریجن ذمّہ داران نے اپنے اپنے ریجن کی گزشتہ ایک سال کی کارکردگی اور مدنی کاموں میں اضافے سے متعلق بریفنگ پیش کی۔ اللہ پاک کے کرم سے یوکے میں دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں میں دن گیارھویں رات بارھویں ترقّی کا سلسلہ جاری ہے۔

تربیتی اجتماع کی اسی نشست میں دارُالمدینہ کی اہمیت (Importance) پر بھی کافی گفتگو ہوئی اور ذمّہ داران نے یوکے میں مزید 18 دارُالمدینہ کھولنے کی نیتیں کیں۔ یوکے جیسے ملک میں تمام قواعد و ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے دارُالمدینہ کا آغاز ایک مشکل کام ہے لیکن اِنْ شَآءَ اللہ یہ مشکل بھی آسان ہوجائے گی۔

تاریخ ساز لمحات : اس تربیتی اجتماع سے قبل بھی یوکے سے جامعۃُ المدینہ کے طلبۂ کرام اور چند دیگر اسلامی بھائی 12 ماہ کے مدنی قافلے میں سفر کرچکے ہیں  لیکن اب نگرانِ شوریٰ نے دعوتِ اسلامی کے ذمّہ داران کو ترغیب دلائی کہ وہ اپنے آپ کو 12 ماہ راہِ خدا میں سفر کے لئے پیش کریں۔ اس موقع پر میں بھی سوچ میں پڑگیا کہ کیا یہاں کے رہائشی  اور نوکری پیشہ یا کاروباری اسلامی بھائی 12 ماہ مدنی قافلے میں سفر کے لئے تیار ہوجائیں گے؟نگرانِ شوریٰ نے  ارشاد فرمایا کہ مجھے 12 ماہ کے کم از کم 3مدنی قافلے درکار ہیں۔ مَا شَآءَ اللّٰہ فیضانِ عطّار کی بدولت اور نگرانِ شوریٰ کی پُراثر ترغیب کی برکت سے پہلے ایک اسلامی بھائی کھڑے ہوئے ، پھر دوسرے اور ایک ایک کرکے 19اسلامی بھائیوں نے خود کو 12ماہ کے لئے پیش کردیا۔ تربیتی اجتماع کے بعد نگرانِ شوریٰ نے ان اسلامی بھائیوں کا مشورہ فرمایا جس میں ان کے سفر کی تاریخوں اور سَمت پر بھی مشاورت فرمائی۔

عام طور پر یہ تأثّر(Concept) پایا جاتا ہے کہ یورپی ممالک کے رہائشی افراد بہت مصروف ہوتے ہیں اور دین کے کام کے لئے زیادہ وقت نہیں نکال سکتے  لیکن نگرانِ شوریٰ نے یہ ثابت کردیا کہ اخلاص کے ساتھ کوشش کی جائے تو ہر مشکل آسان ہوسکتی ہے۔

تربیتی اجتماع ختم ہونے کے بعد رات دیر تک یوکے مشاورت کے ذمّہ داران کا مدنی مشورہ ہوا اور اس موقع پر یوکے مشاورت میں کئی اسلامی بھائیوں کا اضافہ بھی کیا گیا۔

انگلش مدنی چینل : 23دسمبر2019 بروز پیر نمازِ ظہر کے بعد فیضانِ مدینہ برمنگھم میں انگلش مدنی چینل پر سلسلہ (Program) کرنے والے مبلغین اور مدنی چینل کے ٹیکنیکل اسٹاف کا مدنی مشورہ ہوا  جس میں بذریعہ انٹرنیٹ پاکستان سے انگلش مدنی چینل کی مجلس کے اسلامی بھائی بھی شریک تھے۔ یہ مدنی مشورہ نمازِ مغرب تک جاری رہا اور اس میں انگلش مدنی چینل کے سلسلوں میں بہتری لانے  اور نئے سلسلے  شروع کرنے وغیرہ سے متعلق مشاورت (Discussion)ہوئی۔

نمازِ مغرب کے بعد ہم ایک تاجر اسلامی بھائی کے گھر  گئے جنہوں نے ہمارے لئے  خیر خواہی(Feast) کا انتظام کیا تھا۔ یہاں نیکی کی دعوت کے ساتھ ساتھ صاحبِ خانہ کو بالخصوص Kids Madani Channel  کے لئے مدنی عطیات دینے کی ترغیب دلائی گئی۔

طَلَبہ اجتماع : نمازِ عشا کے بعد ایک عظیمُ الشّان طلبہ اجتماع کا سلسلہ ہوا جس میں برمنگھم اور اطراف کے اسکولوں ، کالجوں اور آسٹن یونیورسٹی ، کیمبرج یونیورسٹی اور برمنگھم یونیورسٹی سمیت کئی یونیورسٹیز کے طلبہ کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ نگرانِ شوریٰ نے “ احتیاط علاج سے بہتر ہے (Prevention is better than cure)کے موضوع پر بیان فرمایا ، بیان کے ساتھ ساتھ انگلش ٹرانسلیشن بھی جاری رہی۔ بیان کے  بعد کئی طلبہ نے مختلف عنوانات پر سوالات کئے جن کے نگرانِ شوریٰ نے تسلی بخش جوابات عنایت فرمائے۔ اجتماع کے بعد نگرانِ شوریٰ نے طلبہ سے ملاقات فرمائی۔ اجتماع کی میڈیا کوریج کے لئے مختلف نیوز چینلز کے نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے  بعد میں نگرانِ شوریٰ کے تأثرات بھی ریکارڈ کئے۔

طلبہ میں مدنی کام کی ضرورت : پیارے اسلامی بھائیو! طلبہ کسی بھی ملک یا قوم کا مستقبل (Future) ہوتے ہیں۔ مختلف اسکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم طلبہ نے ہی مستقبل میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ قانون ساز اسمبلیوں میں جاکر مختلف قوانین بنانے والے اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی ، نظامِ حکومت چلانے والے بیوروکریٹس ، ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے بری ، بحری اور فضائی افواج کے نوجوان اور دیگر شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والے تقریباً تمام افراد ان ہی تعلیمی اداروں میں عصری علوم حاصل کرنے کے بعد عملی زندگی (Practical Life) کا آغاز کرتے ہیں۔ اگر یہ طلبہ شریعت پر عمل کرنے والے ، نمازی اور سنّتوں کے پیکر  بن جائیں تو ہمارا معاشرہ حقیقی معنی میں اسلامی معاشرہ بن سکتا ہے۔

اللہ پاک کے فضل و کرم سے دعوتِ اسلامی تعلیمی اداروں میں بھی نیکی کی دعوت عام کرنے میں مصروفِ عمل ہے۔ تمام طلبہ سے میری مدنی التجا ہے کہ دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے منسلک ہوکر سنّتیں سیکھنے اور سکھانے میں مصروف ہوجائیں ، اِنْ شَآءَ اللہ دین و دنیا کی بے شمار برکات حاصل ہوں گی۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*   رکنِ شوریٰ و نگران مجلس مدنی چینل

 


Share