فرشتوں کی عید

آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں

فرشتوں کی عید

*مولانا محمد جاوید عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ فروری2024 ء

اللہ پاک کے پیارے اور آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے شبِ براءت کےمتعلق ارشادفرمایا: يُفتحُ فِيهَا اَبْوَابُ السّماء ِ وَاَبْوَابُ الرَّحمةِ ثلاثُ مِائةٍ یعنی اس رات میں آسمانوں اور رحمت کے 300 دروازے کھول دیئے جاتے ہیں۔(تاریخ ابن عساکر، 51/72)

پیارے بچّو! ”شب“ کا معنی ہے رات اور”براءت“ کا مطلب ہے چُھٹکارا اور آزادی، تو شبِ براءت کا معنیٰ ہوا (جہنم سے) چُھٹکارا پانے کی رات۔ اسلامی مہینے شعبان شریف کی پندرہویں رات کو ”شبِ براءت“ کہا جاتا ہے۔

فرشتوں کی عید: منقول ہے کہ جیسے دنیا میں مسلمانوں کے لئے عیدُالفطر اور عیدُالاضحیٰ دو عید کے دن ہیں، اسی طرح آسمان کے فرشتوں کے لئے دو راتیں عید کی ہیں۔ فرشتوں کی عیدَین کی راتیں یہ ہیں: پندرہ شعبان کی رات اور لیلۃُ القدر۔(مکاشفۃ القلوب، ص303 ملخصاً)

شبِ براءت کے کئی نام ہیں، ان میں سے10نام اور ان کے معانی ہو سکے تو آپ بھی یاد کر لیجئے، فائد ہ ہو گا اِن شآءَ اللہ۔

(1)لَیْلَـۃُ الْمُبَارَکۃِ(برکت والی رات) (2)لَیْلَـۃُ الْبَرَاءَۃِ (نجات کی رات) (3)لَیْلَـۃُ الصَّکِ (دستاویز کی رات) (4)لَیْلَـۃُ الرَّحْمَۃِ (رحمت کی رات) (5)لَیْلَـۃُ التَّکْفِیْر(گناہ مٹائے جانے کی رات) (6)لَیْلَـۃُ الْاِجَابَۃ (دعاؤں کی قبولیت کی رات) (7)لَیْلَـۃُ الشَّفَاعَۃ (شفاعت کی رات) (8)لَیْلَـۃُ التَّعْظِیْم (عزت و عظمت کی رات) (9)لَیْلَۃُ الْغُفْرَان (مغفرت کی رات) (10)لَیْلَـۃُ عِیْدِ الْمَلَائِکَۃ( فرشتوں کی عید کی رات)۔(مجموع رسائل لملا علی القاری،3/41- ماذا فی شعبان، ص73تا 75 ملتقطاً)

اللہ پاکشبِ براءت کے ان ناموں کے صدقے ہماری بے حساب بخشش فرمائے اور ہمیں اس رات کی خوب برکتیں عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغُ التحصیل جامعۃُ المدینہ، شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code