Book Name:Faizan e Ramzan ul Mubarak

ترجمہ کنزُ العِرفان: رمضان کا مہینا ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا جو لوگوں کےلئے ہدایت اور رہنمائی ہے اور فیصلے کی روشن باتوں (پر مشتمل ہے) تو تم میں جو کوئی یہ مہینہ پائے تو ضرور اس کے روزے رکھے اور جو بیمار ہو یا سفر میں ہو تو اتنے روزے اور دنوں میں رکھے، اللہ تم پر آسانی چاہتا ہے اور تم پر دشواری نہیں چاہتا اور (یہ آسانیاں اس لئے ہیں) تاکہ تم(روزوں کی) تعداد پوری کر لو اور تاکہ تم اس بات پر اللہ کی بڑائی بیان کرو کہ اس نے تمہیں ہدایت دی اور تاکہ تم شکر گزار بن جاؤ۔

رمضان کی تعریف

اِس آیتِ مُقدَّسہ کے اِبْتِدائی حِصّہ شَہْرُ رَمَضَانَ الَّذِیْ کے تَحت حکیمُ الْاُمَّت مفتی احمد یار خان رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ تَفسِیْرِ نعیمی میں فرماتے ہیں: *رَمَضَان یا تَو رحمٰن کی طرح اللہ پاک کا نام ہے، چُونکہ اِس مہینے میں دِن رات اللہ پاک کی عِبادت ہوتی ہے۔ لہٰذا اِسے شَہرِ رَمَضان یعنی اللہ پاک کا مہینا کہا جاتا ہے۔جیسے مسجِد وکعبہ کو اللہ پاک کا گھر کہتے ہیں کہ وہاں اللہ پاک کے ہی کام ہوتے ہیں ۔ ایسے ہی رَمضَان اللہ پاک کا مہینا ہے کہ اِس مہینے میں اللہ پاک کے ہی کام ہوتے ہیں۔رَوزہ تَراویح وغیرہ تَو ہیں ہی اللہ پاک کے۔ مگربَحَالتِ روزہ جو جائِز نوکری اور جائِز تِجارت وغیرہ کی جاتی ہے وہ بھی اللہ پاک کے کام قرار پاتے ہیں ۔اِس