Book Name:Pyare Aaqa Ki ALLAH Pak Se Mohabbat
اس پر رسولِ ذیشان، مکی مَدَنی سلطان صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا: فَاَعِنِّي عَلَى نَفْسِكَ بِكَثْرَةِ السُّجُود یعنی کثرت سے سجدے کر کے اپنے نفس پر میری مدد کر!([1])
مالک ہیں خزانۂ قُدرَت کے، جو جس کو چاہیں دے ڈالیں
دی خُلد جنابِ رَبِیعہ کو، بگڑی لاکھوں کی بنائی ہے([2])
سُبْحٰنَ اللہ! معلوم ہوا؛ کَثْرت سے سجدے کرنا جنّت میں آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کا پڑوس دِلانے والا عمل ہے۔ کتنا آسان(Easy) عمل ہے...!! کَثْرت سے سجدے کرنے ہیں، ہم روزانہ پانچوں نمازیں (فرض، سنتیں اور نوافِل وغیرہ مِلا کر مکمل) ادا کریں تو 48 رکعتیں بنتی ہیں، ہر رکعت میں 2 سجدے، یہ کل 96 سجدے ہو گئے، ساتھ میں تہجد کے زیادہ نہیں تو 2 نفل مِلا لیجئے! 100 سجدے ہو گئے، اشراق چاشت کی کم از کم 4 رکعتیں مزید شامِل کیجئے! 108 سجدے ہو گئے، 6 رکعتیں اَوَّابِین کے نوافِل کی شامِل کیجئے! 120 سجدے ہو گئے، 2 رکعت صلاۃُ التَّوْبَہ پڑھئے! دِن میں کسی ایک نماز کے ساتھ نماز تَحِیَّۃُ الْوُضُو پڑھ لیجئے! تحیۃ المسجد کے بھی 2 نفل پڑھ لیجئے! یہ کُل 132 سجدے ہو گئے، قرآنِ کریم میں 14 آیاتِ سجدہ ہیں، یہ 14 کی 14 آیات پڑھ کر، 14 سجدے کریں تو حاجتیں پُوری ہوتی ہیں، دِین و دُنیا کی ہر حاجت پُوری ہونے کا بہترین وظیفہ ہے،([3]) کم و بیش 10 سے 12 منٹ لگتے ہیں، آیاتِ سجدہ پڑھ کر 14 سجدے کر لیجئے! یہ کُل 146 سجدے ہو گئے، جو ہم بہت آسانی سے ایک دِن میں کر سکتے ہیں۔