Book Name:Pyare Aaqa Ki ALLAH Pak Se Mohabbat
بچہ پہلا لفظ جو بولے، وہ اللہ پاک کا پیارا پیارا نام ہی ہو۔ حدیثِ پاک میں ہے: اپنے بچوں کی زبان سے سب سے پہلے لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللہ کہلواؤ! ([1])
یہ کیسے ہو گا؟ جب ہم بچوں کے سامنے ”اللہ، اللہ“ کیا کریں گے۔ امیرِاہلسنت مولانا محمد الیاس عطارقادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی نواسِی صاحبہ جب چھوٹی عمر میں تھیں، آپ نے سب گھر والوں سے فرما دیا تھا کہ اس کے سامنے سب ”اللہ، اللہ“ کا ذِکْر کرتے رہیں۔ آپ خود بھی نواسِی کے سامنے ذِکْرِ پاک کیا کرتے تھے، اَلْحَمْدُ للہ! آپ کی نواسِی نے جب پہلا لفظ بولا تو وہ اللہ پاک کا پیارا پیارا نام ”اللہ“ ہی تھا۔([2])
ہمیں بھی کوشش کرنی چاہئے! اَلْحَمْدُ للہ! ہم مسلمان ہیں، اللہ پاک کو ماننے والے ہیں، اگر ہم بھی اپنے بچوں کو ”اللہ“ کہنا نہیں سکھائیں گے تو اور کون سکھائے گا...!! اللہ پاک ہمیں عمل کی توفیق نصیب فرمائے۔ آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ۔
ابوطالِب جو آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کے چچا ہیں، اِنہیں کافِی عرصہ آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی خِدْمت کی سعادت نصیب رہی۔ آپ کہتے ہیں: میں مُحَمَّدصَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کو اپنے ساتھ ہی رکھتا تھا، ایک رات میں نے کہا: آپ اپنی قمیض اُتار لیجئے اور میرے ساتھ میرے بستر ہی میں لیٹ جائیے! یہ سُن کر آپ کے چہرۂ پُرنُور پر ناگواری کے آثار ظاہِر ہوئے مگر میری بات کو شرفِ قبول دیتے ہوئے فرمایا: چچا جان! چہرہ پھیر لیجئے! میں قمیض اُتارتا ہوں، مجھے مت دیکھئے گا۔