Ghous e Pak aur Islah e Ummat

Book Name:Ghous e Pak aur Islah e Ummat

خواب میں بھی نیکی کی دعوت

فُتُوحُ الغیب جو حُضُور غوثِ پاک رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کی کتاب (Book) ہے۔ اس میں آپ فرماتے ہیں: ایک روز میں سویا ہوا تھا، میں نے خواب (Dream) دیکھا کہ کسی مسجد میں ہوں، وہاں بہت سارے لوگ جمع ہیں، میں نے دِل ہی دِل میں سوچا؛ کاش! یہاں فُلاں نیک بندہ ہوتا، وہ ان لوگوں کو دِین و اَدَب سکھاتا...!! اتنا سوچنے کے بعد میں نے ایک نیک شخص کو اشارہ کیا، میرا اشارہ پاتے ہی وہ سب لوگ میرے گرد جمع ہو گئے، ان میں سے ایک نے کہا: حُضُور! آپ گفتگو کیوں نہیں فرماتے؟ (یعنی آپ ہمیں کچھ سکھا دیجئے!)۔

حُضُور غوثِ پاک رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ نے ان کی یہ درخواست قبول فرمائی اور انہیں نیکی کی دعوت دینا شروع فرمائی، آپ نے خواب ہی خواب میں ایک پُر اَثَر بیان فرمایا،([1])جس کی بَرَکت سے وہ سب لوگ توبہ کر کے سَعَادت کے مقام پر پہنچ گئے۔([2])

سُبْحٰنَ اللہ!پیارے اسلامی بھائیو!کیا شان ہے ہمارے غوثِ پاک رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کی...!! کیسی اچھی نیند ہے،کیسی پیاری بیداری ہے،اس سے پتا چلتا ہے کہ نیکی کی دعوت دینا، معاشرے (Society) کی اِصْلاح فرمانا حُضُور غوثِ پاک رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کی طبیعت کا حِصَّہ بن چکا تھا،یہاں تک کہ آپ نیند میں ہوتے یا بیداری میں ہر حال میں بَس عِلْمِ دِین عام کرنے، لوگوں کو نیکی کی دعوت دینے، اللہ پاک کے بندوں کو اللہ پاک سے مِلانے ہی کی فِکْر میں رہا کرتے تھے۔


 

 



[1]...فتوح الغیب،المقالۃ الخامسۃ عشرۃ فی الخوف و الرجاء،صفحہ:33خلاصۃً۔

[2]...شرح فتوح الغیب،المقالۃ الخامسۃ عشر،صفحہ: 94 خلاصۃً۔