Fazail e Badr Paida Kar

Book Name:Fazail e Badr Paida Kar

کتنا آسان نُسخہ ہے؟ جو اپنے لئے پسند کرتے ہیں، وہی دوسروں کے لئے پسند کرنا شروع کر دیجئے! مثلاً *سب میری عزّت کریں، یہ پسند ہے، سب کی عزّت کرنا شروع کر دیجئے! *کوئی مجھے دھوکا نہ دے، یہ اپنے لئے پسند ہے،کسی کو دھوکا مت دیجئے! *کوئی مجھے تکلیف نہ پہنچائے، اپنے لئے پسند ہے، کسی کو تکلیف مت پہنچائیے! غرض ہر وہ بات جو اپنے لئے پسند کرتے ہیں، دوسروں کے لئے بھی وہی پسند کرنا شروع کر دیجئے! اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! اِیْمان پکّا ہو جائے گا۔

*ایک حدیث شریف میں فرمایا: اس کا ایمان (کامِل) نہیں، جو امانت دار نہیں ہے۔([1])

پتا چلا؛ آدمی امانت دار ہو جائے، اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! ایمان کامِل ہو جائے گا *حدیث شریف میں فرمایا: اس کا کوئی دِین نہیں، جو وعدے کا پابند نہیں ہے،([2]) لہٰذا وعدوں کی پابندی شروع کر دیجئے! ایمان پکا ہو جائے گا *ایک روایت میں فرمایا: دھوکا دینا مؤمن کے اَخْلاق میں نہیں ہے([3]) *ایک روایت میں ہے: مؤمن طعنہ دینے والا، لعنت کرنے والا، فحش (یعنی بیہودہ) باتیں کرنے والا نہیں ہوتا([4]) *فرمانِ مصطفےٰ   صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم   ہے: جس کے شَر سے اس کا پڑوسی محفوظ نہ ہو، (وہ کامِل) مؤمن نہیں۔ ([5])

یہ سارے وہ اَخْلاق ہیں، وہ اَعْمال ہیں، ہم اپنا لیں تو اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! ہمارا اِیْمان کامِل اور مضبوط ہو جائے گا۔


 

 



[1]... مصنف ابن ابی شبیہ، کتاب الایمان، ما قالو فی صفۃ الایمان، جلد:7، صفحہ:211، حدیث:2۔

[2]... مصنف ابن ابی شبیہ، کتاب الایمان، جلد:7، صفحہ:223، حدیث:50۔

[3]...مکارم الاخلاق للخرائطی، جلد:1، صفحہ:324، حدیث:176۔

[4]...ترمذی، کتاب البر والصلۃ، باب ما جاء فی اللعنۃ، صفحہ:481، حدیث:1977۔

[5]...بخاری، کتاب الادب،باب اثم من لا یامن جارہ...الخ ،صفحہ:1500، حدیث:6016۔