فیضان صدیق اکبر(مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)

جن ہستیوں نے نبیِّ رَحمت،شفیعِ امّت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے حُسن و جمال  کو ایمانی نظروں  سے دیکھا، صحبتِ  مصطفٰے سے فیضیاب ہوئے، آفتابِ رسالت سے نورِ معرفت حاصل کر کے آسمانِ ولایت پر چمکے اور ”صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان“ کے معزّز لقب سے سرفراز ہو کر اس اُمّت کے لئے  نجومِ ہدایت (ہدایت کے ستار ے) قرار پائے اُن میں سب سے افضل عاشقِ اکبر خلیفۂ اوّل حضرت سَیِّدُنا ابو بکر صِدِّیق رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کی ذاتِ گرامی  ہے۔ نبیِّ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمسے خصوصی قُرب حاصل ہونے کی وجہ سے حضرت سَیِّدُنا صِدِّیقِ اکبر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کی مبارک زندگی کا مطالعہ شخصی اور معاشرتی تعمیر (Self and Society Development) کے ساتھ ساتھ آخرت سنوارنے کا بہترین ذریعہ ہے، اسی اہمیت کے پیشِ نظر ہمارے اسلاف نے اپنی گراں قدر عربی کتب میں حیاتِ صدیقِ اکبر کے چمکتے دمکتے موتیوں کو جمع فرمایا۔ ضرورت اس بات کی تھی کہ عربی کُتُب سے ان موتیوں کو چُن کر اُردو  کے قالب میں ڈھالا جائے تاکہ  اُردو دان طبقہ بھی ”فیضانِ صِدِّیقِ اکبر“ سے فیضیاب ہوسکے۔

اِسی اہمیت کے پیش ِ نظر دعوتِ اسلامی کی علمی اور تحقیقی مجلس اَلْمَدِیْنَۃُ الْعِلْمِیَّۃ نے حیاتِ صِدِّیقِ اکبر کو کتابی صورت میں شائع کرنے کا فیصلہ  کیا اور یومِ صِدِّیقِ اکبر کے موقع پر جُمادَی الاُخریٰ 1433ھ، اپریل 2012ء میں 722 صفحات پر مشتمل کتاب ”فیضانِ صِدِّیقِ اکبر“ کا پہلا ایڈیشن (Edition) مَکْتَبَۃُ الْمَدِیْنَہ سے شائع ہوا۔

 یہ کتاب 12 ابواب (Chapters) پر مشتمل ہے:(1)تعارفِ صِدِّیقِ اکبر (2)اَوصافِ صِدِّیقِ اکبر (3)ہجرتِ صدّیقِ اکبر (4)غزواتِ صدّیقِ اکبر (5)خلافتِ صدّیقِ اکبر (6)وصالِ صدّیقِ اکبر (7)تفسیر و اَحادیث (8)خصوصیاتِ صدّیقِ اکبر (9)اَوَّلیاتِ صدّیقِ اکبر (10)افضلیتِ صدّیقِ اکبر (11)کراماتِ صدّیقِ اکبر (12)فضائل ِ صدّیقِ اکبر سے متعلق احادیث اور اقوال۔

ان تمام ابواب میں سَیِّدُنا صِدّیقِ اکبر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کے بارے  میں صرف معلومات فراہم  کرنے پر اکتفا نہیں کیا گیا بلکہ سیرتِ صِدِّیقِ  اکبر  کی روشنی میں عقائد و اعمال کی اصلاح کی گئی ہے، اَخلاقی تربیت کی اہمیت بتائی گئی ہے اور اعلیٰ کردار اپنانے  کی بھرپور ترغیب بھی  دلائی گئی ہے اور یہ بات ذہن نشین کرانے کی کوشش کی گئی ہے کہ ایک عاشقِ رسول کوزندگی کیسے گزارنی چاہیے؟ کتاب کے پُرکشش سرِورق (Attractive Title) عمدہ طباعت اور ابواب کی ترتیب  کو جہاں عوام نے سراہا  وہیں اہلِ علم نے ”فیضانِ صِدِّیقِ اکبر“ کومنفرد نوعیت کی تصنیف، کتابِِ لاجواب اور جوان و بوڑھے کے لیے یکساں مفید قرار دیا۔ ان خُصوصیات کی وجہ سے ”فیضانِ صِدِّیقِ اکبر“ کو قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ یہ کتاب 5 ایڈیشنز (Editions) میں اڑتیس ہزار پانچ سو (38500) کی تعداد میں شائع ہوچکی ہے۔

کتاب ”فیضانِ صِدِّیقِ اکبر“ مَکْتَبَۃُ الْمَدِیْنَۃ (دعوتِ اسلامی) سے ہدیۃً حاصل کی جاسکتی ہے۔دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ (www.dawateislami.net) سے  بھی اس کتاب کو پڑھنے (Read)، ڈاؤن لوڈ(Download) اور پرنٹ آؤٹ  (Print Out)  کرنے کی سہولت موجود ہے۔


Share

Articles

Comments


Security Code