دوسروں کى موت ہمارے لئے سامانِ عبرت ہے
امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے حاجى وقار المدىنہ عطاری (رُکنِ شوریٰ) کے نام تعزیتی پیغام میں ارشاد فرمایا: آپ کے بھانجے ذىشان عطارى کىنسر کی تکالیف سہتے ہوئے 14 محرم الحرام 1440ھ کو انتقال کرگئے، اِنَّا لِلہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔ (اس کے بعدامیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مرحوم کے لئےدعا فرمائی اور ایصالِ ثواب بھی کیا اور فرمایا:) مىں آپ کى دُکھىارى غم زدہ بہن، مرحوم کى بىوہ ، مرحوم کے بھائى عدنان عطارى اور نعمان عطاری، آپ کى امى جان اور تمام سوگواروں سے تعزىت کرتا ہوں، آپ سب پر جو غم کے پہاڑ ٹوٹے ہىں اللہ کرىم سب پر رحمت کى نظر فرمائے، بہرحال دنىا گزشتنى اور گزاشتنى ہے (یعنی گزرجانے والی اور چھوڑ دینے کے لائق) سب کو جانا ہے کوئى پہلے توکوئى بعد مىں جارہا ہے۔ ؎
جنازہ آگے آ گے کہہ رہا ہے اے جہاں والو!
مِرے پىچھے چلے آؤ تمہارا رہنما مىں ہوں
دوسروں کى موت ہمارے لئے سامانِ عبرت رکھتى ہے کہ جس طرح آج اس کا سانس پورا ہوگیا، اسی طرح عنقرىب ہماری سانسوں کى گنتى بھى پورى ہوجائے گى اور عنقرىب ہمىں بھى اندھىرى قبر مىں اترنا ہوگا، اپنى کرنى کا پھل بھگتنا ہوگا، اللہ پاک سے اس کى رحمت کا سوال ہے۔
صدقہ پىارے کى حىا کا کہ نہ لے مجھ سے حساب
بخش بے پوچھے لجائے کو لجانا کىا ہے
عدنان بھائى! نعمان بھائى! ہوسکے تو ذىشان بھائى کے اىصالِ ثواب کے لئے مدنى قافلے مىں سفر اور اپنی جانب سے2500 روپے کے مدنى رسائل تقسىم کرنے کى سعادت حاصل کرىں۔ بے حساب مغفرت کى دعا کا ملتجى ہوں۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
زندگی میں موت کی تیاری کرلو
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ مد ینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے جناب شاہد اختر، جنید اختر، شہزاد اختر، شمساد اختر، حسین اختر! (گھمکول شریف ضلع کوہاٹ ، K.P.K)
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!
رکنِ شوریٰ حاجی عبد الحبیب عطاری نے اطلاع دی کہ آپ صاحبان کے والدِ محترم صوفی جاوید اختر صاحب (صاحبزادہ حضرت صوفی عبداللہ خان رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ گھمکول شریف ضلع کوہاٹ K.P.K) کا انتقال ہوگیا، اِنَّا لِلہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔ (اس کے بعد امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے دعا فرمائی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کیلئے رمضان المبارک 1439ھ کے ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ صفحہ 21سے یہ مدنی پھول پڑھ کر سنایا:) ارشادِ حضرتِ سیّدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہما:”جب تُو شام کرے تو آنے والی صبح کا انتظار مت کر اور جب صبح کرے توشام کا منتظر نہ رہ، حالتِ صحت میں بیماری کے لئے اور زندگی میں موت کے لئے تیاری کرلے۔“(بخاری،ج4،ص223،حدیث:6416)
آگاہ اپنی موت سے کوئی بشر نہیں
سامان سو برس کا ہے پل کی خبر نہیں
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
آنکھوں کی حفاظت کا وظیفہ
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے میرے دُکھیارے مدنی بیٹے محمد امین عطاری!
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!
رکنِ شوریٰ حاجی امین عطاری نے آپ کا صُوری پیغام (Video Message) پہنچایا کہ شوگر اچانک بڑھ جانے کے سبب آپ کی آنکھوں کی روشنی ایک دم کمزور ہوگئی، بیٹا! ہمت و صبر سے کام لیجئےگا۔ لَا بَاْسَ طَہُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ، لَا بَاْسَ طَہُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ، لَا بَاْسَ طَہُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ ،اللہ کریم اپنے فضل و کرم سےآپ کی آنکھوں کی روشنی بحال فرمائے، آپ کو نورِ مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا صدقہ نصیب کرے، نور ِ مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے طفیل آپ کی آنکھوں کا نور سلامت رہ جائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔
ہر نماز کے بعد پیشانی پر ہاتھ رکھ کر ایک سانس میں گیارہ بار ”یَانُوْرُ“ پڑھ کر دسوں انگلیوں پر دم کرکے پانچ پانچ انگلیاں ایک ایک آنکھ پر پھیر لیجئے۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
افسوس ناک حادثہ
6 محرم الحرام 1440ھ کو راولپنڈی کے رہائشی محمد وسیم عطاری کے بچوں کی امّی اُمِّ حسنین عطاریہ اپنی دو بیٹیوں اور دو بیٹوں سمیت روڈ پار کرنے کے لئے کھڑی تھیں کہ اچانک ایک جیپ بے قابو ہوکر ان پانچوں ماں اور بچوں سے جاٹکرائی جس کے سبب بچوں کا انتقال ہوگیا۔امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اس افسوناک واقعے کی اطلاع ملنے پر محمد وسیم عطاری اور دیگر سوگواروں سے بذریعہ صُوری پیغام (Video Message) تعزیت فرمائی اور واقعۂ کربلا کی یاد دلاتے ہوئے انہیں صبر و ہمت سے کام لینے کی ترغیب دلائی۔
تعزیت و عیادت کے مختلف پیغامات
شیخِ طریقت،امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے صُوری پیغامات (Video Messages) کے ذریعے ٭امجد عطاری و برادران سے ان کے والد غلام دستگیر (گجرات ہند) ٭احمد عطاری سے ان کے صاحبزادے انتظار حسین (طالبِ علم درجہ خامسہ جامعۃُ المدینہ میرپورخاص) ٭محمد اکرم عطاری سے ان کی بیٹی آمنہ عطاریہ (بابُ المدینہ کراچی) ٭اعجاز یونس عطاری سے ان کی صاحبزادی عائشہ کلثوم (یوکے) ٭سفیر علی اور طیب سے ان کے والد ریاض علی (خوشاب) ٭ثاقب اقبال سے ان کے والد اقبال ٭شادزمان و برادران سے ان کے والد محمد احمد شیخ ٭زین العابدین و برادران سے ان کے والدراجا شیر افضل اویسی چشتی (باب المدینہ کراچی) کے انتقال کی خبر ملنے پر لواحقین سے تعزیت فرمائی اور ایصالِ ثواب کیلئے مسجد بنانے، تقسیمِ رسائل اور مدنی قافلے میں سفر کرنے کی ترغیب دلائی۔ جبکہ٭اعجاز احمد مدنی (مدنی صحرا، مانسہرہ) ٭اُمِّ اریب عطاریہ (باب المدینہ کراچی) اور ٭بنتِ حاجی حنیف عطاری (باب المدینہ کراچی) وغیرہ سے ان کی علالت کی خبر ملنے پر بذریعہ صَوتی پیغام (Audio Message) عیادت فرمائی اور صبر و ہمت سے کام لینے کی ترغیب ارشاد فرمائی۔
Comments