ذکرِ مصطفیٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(وَ رَفَعْنَا لَكَ ذِكْرَكَؕ(۴)) ترجمہ: اور ہم نے تمہاری خاطر تمہارا ذکر بلند کردیا۔(پ30، الم نشرح:4)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

  ہمارے پیارے آقا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو اللہ تعالیٰ نے بے شمُار فضائل و خصائص سے نوازا۔ اُن میں ایک فضیلت حضور سیّدُالمرسلین   صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ذِکر ِ مبارَک کی بلندی ہے جو اوپر ذکر کردہ آیت میں بیان کی گئی ہے۔ رحمت ِ دوعالم، نورِ مجسّم  صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّمنے حضرت جبریل علیہ السَّلام سے اس آیت کے بارے میں دریافت فرمایا تو اُنہوں نے عرض کی:اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ آپ کے ذکر کی بُلندی یہ ہے کہ جب میرا ذِکْر کیا جائے تو میرے ساتھ آپ کا بھی ذکر کیا جائے۔ اورحضرت قتادہ  رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہاللہ تعالیٰ نے آپ کا ذکر دنیا و آخرت میں بلند کیا، ہر خطیب اورہر تشہد پڑھنے والا ”اَشْھَدُاَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اﷲُ“ کے ساتھ ”اَشْھَدُاَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُوْلُ اﷲِ“پکارتاہے۔(تفسیر بغوی، پ30، الم نشرح:4،ج4،ص469ملتقطاً، تاویلات اہل السنہ، پ30، الم نشرح:4،ج5،ص489ماخوذاً)

 اِس رفعت ِ ذکر کی بہت سی صورتیں ہیں جن میں سے چند بیان کی جاتی ہیں:رفعتِ ذکر یہ بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر ایمان لانا اور ان کی اطاعت کرنا مخلوق پر لازم کر دیا ہے حتّٰی کہ کسی کا اللہ تعالیٰ  پر ایمان لانا،اس کی وحدانیت کا اقرار کرنا اوراس کی عبادت کرنا اس وقت تک مقبول نہیں جب تک وہ مُحَمَّدٌ رَّسُولُ اللہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر ایمان نہ لے آئے ، یونہی آپ کے راستے سے ہٹ کر چلنے والے کی اطاعت بھی بارگاہِ خداوندی میں مقبول نہیں کہ اب وہی اطاعت، اطاعتِ الٰہی کہلانے کی مستحق ہے جو اطاعتِ رسول کی صورت میں ہو جیسا کہ فرمایا:(مَنْ یُّطِعِ الرَّسُوْلَ فَقَدْ اَطَاعَ اللّٰهَۚ) جس نے رسول کا حکم مانا بیشک اس نے اللہ کا حکم مانا۔( پ5،النساء:80) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہما  فرماتے ہیں کہ اگر کوئی اللہ تعالیٰ کی عبادت کرے ،ہر بات میں اس کی تصدیق کرے اورسرور عالم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی رسالت کی گواہی نہ دے تو یہ سب بے کار ہے اور وہ کافر ہی رہے گا۔

رفعتِ ذکرِ مصطفیٰ   صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم  یہ بھی ہے کہ ذکر ِ خدا کے ساتھ ذکر ِ مصطفیٰ کیا جاتا ہے جیسے اللہ تعالیٰ نے اَذان میں،اِقامت میں،نماز میں،تشہّد میں ،خطبے میں اور کثیر مقامات پر اپنے ذکر کے ساتھ آپ کا ذکرشامل کردیا ہے۔اس حوالے سے صرف چند آیاتِ قرآنی ملاحظہ فرمائیں: ٭آپ سے جنگ خدا سے جنگ ہے(بقرہ: 278 ،279)  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کی اطاعت خُدا کی اطاعت ہے(النساء:80)  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کی نافرمانی خدا کی نافرمانی ہے(النساء: 14)  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کی مخالفت خدا کی مخالفت ہے(انفال:13) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کی طرف بلانا خدا کی طرف بلانا ہے(النساء:61) ٭ (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) آپ کی طرف ہجرت خدا کی طرف ہجرت ہے(النساء:100)  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) ٭آپ پر ایمان لانا خدا پر ایمان لانے کی طرح ضَروری ہے(النساء:136) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) ٭آپ سے مقابلہ خدا سے مقابلہ ہے(مائدہ:33) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) ٭آپ سے دوستی خدا سے دوستی ہے(مائدہ:56) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ سے منہ پھیرنا خدا سے منہ پھیرنا ہے(انفال:20) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کے بلانے پر حاضِر ہونا خدا کے بلانے پر حاضر ہونا ہے یا بالفاظِ دیگر آپ کا بلاوا خدا کا بلاوا ہے(انفال:24) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ سے خیانت خداسے خیانت ہے(انفال:27)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) ٭آپ کی طرف سے کسی شے سے بَراءَت کا اظہار خدا کی طرف سے بَراءت کا اظہار ہے(توبہ:1) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ سے معاہدہ خدا سے معاہدہ ہے(توبہ:7) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کی محبت خدا کی محبت ہے(توبہ:24) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کا کسی شے کو حرام قرار دینا خدا کا حرام قرار دینا ہے(توبہ:29)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ سے کُفر کرنا خدا سے کفر کرنا ہے(توبہ:54)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کی عطا خدا کی عطا ہے اور آپ کا فضل و کرم خدا کا فضل و کرم ہے(توبہ:59) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کی رضا خدا کی رضا ہے اور آپ کو راضی کرنا خُدا کو راضی کرنا ہے(توبہ:62)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کا کسی کو مال دینا، غنی کرنا خدا کا غنی کرنا ہے(توبہ:74) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ سے جُھوٹ بولنا خدا کی بارگاہ میں جھوٹ بولنا ہے(توبہ:90) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کی خیر خواہی خدا کی خیر خواہی ہے(توبہ:91) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کی طرف بلانا خدا کی طرف بلانا ہے(نور:48)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کا وعدہ خدا کا وعدہ ہے(احزاب:22)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کی رضا چاہنا  خدا کی رضا چاہنا ہے(احزاب:29)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کا فیصلہ خدا کا فیصلہ ہے(احزاب:36) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کوایذا خدا کوایذا ہے(احزاب:57) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ پر  پیش قدمی خدا پر پیش قدمی ہے(حجرات:1) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)٭آپ کی مدد خدا کی مدد ہے۔ (حشر:08)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

میں تو مالک ہی کہوں گا کہ ہو مالک کہ حبیب یعنی محبوب و محب میں نہیں میرا تیرا

بخدا خدا کا یہی ہے در، نہیں اور کوئی مَفَر مَقَر جو وہاں سے ہو یہیں آکے ہو جو یہاں نہیں وہ وہاں نہیں

ذکرِ مصطفیٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی رفعت پر یہ اُمور بھی دلالت کرتے ہیں:٭آپ   صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا ذکر زمین پر بھی ہے اور آسمانوں پر بھی ٭آپ   صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا ذکر انسان بھی کرتے ہیں، فرشتے بھی، جنّات بھی اور دیگر مخلوقات بھی ٭آپ   صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا ذکر پتّھروں نے بھی کیا اور درختوں نے بھی ٭دنیا کے ہر کونے میں آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ذکر کرنے والے موجود ہیں۔چنانچہ دنیا کے ایک کنارے سے فَجْر کی اَذانیں شُروع ہوتی ہیں اوردنیا کے آخری کنارے تک دی جاتی ہیں اور ابھی اگلی جگہوں پر فجر کی اَذان نہیں ہوتی کہ پہلی جگہ ظہر کی اذانیں شروع ہوجاتی ہیں اور ہر اذان میں آپ   صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کانام اور رسا لت کی گواہی پڑھی جاتی ہے اور یوں دنیا کا کوئی ملک اور خطہ ایسا نہیں جہاں ہر وَقْت آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا نامِ مبارک نہ لیا جارہا ہو۔ یہی حال قرآنِ مجید کی تلاوت کا ہے کہ دنیا کے ہر خطے میں ہر وقت تلاوتِ قرآن جاری رہتی ہے اور لاکھوں مسلمان ہروقت تلاوت میں مشغول ہوتے ہیں اور قرآن ذکرِ مصطفیٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم   سے معمور ہے تو ہر وقت آپ   صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا ذکر تلاوتِ قرآن کی صورت میں بھی جاری ہے۔ درود ِ پاک کی صورت میں ذکر ِ مصطفیٰ   صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شان تو یہ ہے کہ ہر آن، ہر لمحہ دنیا میں آپ   صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم  پر دُرود و سلام پڑھا جارہا ہے اور اگر درود پڑھنے والا کوئی انسان نہ بھی ہو تو فرشتے تو ہر آن آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم پردرود پڑھ رہے ہیں اور یہ فرشتے زمین کی گہرائیوں سے لے کر عرش کی بُلندیوں تک موجود ہیں اور معاملہ کچھ یوں نظر آتا ہے۔

فرش پہ تازہ چھیڑ چھاڑ، عرش پہ طرفہ دھوم دھام کان جدھر لگا ئیے تیری ہی داستان ہے

 آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کانام ِ مبارَک عرش وکرسی پر لکھا ہوا ہے، سِدْرَۃُ المُنتہیٰ اور جنّتی درختوں کے پتّوں پر نقش ہے، جنّت کے محلّات پر کندہ ہے۔ تمام انبیا و رسول علیھم الصلوٰۃ والسلام آپ کا ذکر کرتے رہے، آپ  صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر ایمان لانے کا اپنی اپنی امّت سے وعدہ لیتے رہے۔ہر آسمانی کتاب میں آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا ذکر موجود ہے۔سوانح نگاری کی دنیا میں سب سے زیادہ کتابیں آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرت پر لکھی گئیں، بیانِ فضائل میں دنیا میں سب سے زیادہ کتابیں آپ   صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم   کے فضائل کے متعلّق تحریر کی گئیں۔ نظم کی صورت میں دنیا کی تاریخ میں سب سے زیادہ کلام یعنی نعتیں آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّمکے بارے میں لکھی گئیں۔ سب سے زیادہ زَبانوں میں آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم  ہی کا تذکرہ ملتا ہے۔

اے رضاؔ خود صاحبِ قرآں ہے مدّاح ِحضور تجھ سے کب ممکن ہے پھر مدحت رسولُ اللہ کی

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…مفتی محمد قاسم عطاری 

٭…دارالافتاءاہل سنت عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ باب المدینہ کراچی


Share

ذکرِ مصطفیٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

سرکارِ دوعالم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی والدہ ماجدہ

حضرت سیّدتُنا بی بی آمِنہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کے اَشعار

حضرتِ سیّدتنا آمِنہ رضی اللہ تعالٰی عنہانے بوقتِ وصال  اپنے پیارے بیٹے محمد مُصْطَفٰے صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم جن کی عُمْر اس وقت  کم وبیش 5 سال کی تھی ،اُن  کی طرف  نگاہ ِ مَحبت سے دیکھا پھر ارشاد فرمایا : 

بَارَكَ اللهُ فِیْكَ مِنْ غُـلَامٖ                                     یَاابْنَ الَّذِیْ مِنْ حَوْمَةِ الْحِمَامٖ

نَـجَا بِعَـوْنِ الْـمَلكِِ الْـمُنْـعَامٖ             فَوُدِیَ غَدَاةُ الضَّرْبِ بِالسِّھَامٖ

بِـمِائَةٍ مِّنْ اِبِلٍ سَوَامٖ                اِنْ صَحَّ مَا اَبْصَرْتُ فِی الْـمَنَامٖ

فَـاَنْتَ مَـبْـعُوْثٌ اِلَی الْاَنَامٖ            مِنْ عِنْدِ ذِی الْـجَلَالِ وَ الْاِکْرَامٖ

تُـبْـعَثُ فِی الْـحِلِّ وَ فِی الْـحَرَامٖ       تُـبْـعَثُ فِی الـتَّحْقِیْقِ وَالْاِسْلَامٖ

دِیْنِ اَبِیْـكَ الْـبَـرّ ِ اِبْرَاھَامٖ                              فَاللہ اَنْـھَاكَ عَـنِ الْاَصْنَامٖ

اَنْ لَّا تُوَالِـیَـهَا مَـعَ الْاَقْوَامٖ

اے ستھرے لڑکے!اللہ تجھ میں بَرَکت رکھے۔ اے ان کے  بیٹے! جنہوں نے مَرْگ(موت) کے گھیرے سے نَجات پائی بڑے انعام والے بادشاہ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کی مدد سے، جس صُبْح کو قُرعہ ڈالا گیا 100بُلَند اُونْٹ ان کے فِدْیَہ میں قُربان کئے گئے، (اے میرے لختِ جگر)جو کچھ میں نے خواب میں دیکھا ہے اگر وہ ٹھیک ہے تو تُو عزّت وجلال والے رب کی طرف سے  مخلوق کی طرف پیغمبر بنایا جائے گا۔ تو حرم و غیرحرم ہرعلاقے کی طرف اسلام کے  لئے بھیجا جائے گاجو تیرے نِکو کار باپ ابراہیم کا دین ہے، تومیں اللہ کی قَسم دے کر تجھے بتوں سے مَنْع کرتی ہوں کہ قوموں کے ساتھ ان کی دوستی نہ کرنا۔

(المواهب اللدنیۃ،ج 1،ص88، فتاویٰ رضویہ،ج 30،ص301ملخصاً)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بی بی آمنہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کی سیرت پرمکمل مضمون”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ ربیع الاول 1439ھ کے صفحہ 45پرپڑھئے۔


Share

Articles

Comments


Security Code