Book Name:Bad shuguni haram hay
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو ! ابھی ہم نے بیٹی کی ولادت سے متعلق بدشُگُونی کی ایسی مثال سُنی کہ جو کم وبیش ہر جگہ ہی پائی جاتی ہے۔ بدشُگُونی ایک عالمی بیماری ہے، مختلف علاقوں میں رہنے والے لوگ مختلف چیزوں سے بدشگونیاں لیتے ہیں۔آئیے ! ”بد شُگُونی سے بچیں“کے 13 حروف کی نسبت سے بدشُگُونی کی مزید 13مثالیں سنتے ہیں۔ (1)اندھے، لنگڑے،ایک آنکھ والے اور معذور افراد میں سے کسی کو یا کبھی کسی خاص پرندے یا جانور کو دیکھ کر یا اس کی آواز کو سن کر بَدشُگُونی کا شکا ر ہوجانا۔جیسے بلی کے رونے کی آواز، اُلُّو کو دیکھ لینا، وغیرہ(2)کبھی کسی وَقْت یا دن یا مہینے سے بَدفالی لینا۔ (3)کوئی کام کرنے کا اِرادہ کیا اور کسی نے طریقہ کار میں نَقْص کی نشاندہی کردی یا اس کام سے رُک جانے کا کہا تو اس سے بَدشُگُونی لینا کہ تم نےابتداءہی میں ٹانگ اَڑا دی،اب تو یہ کام نہیں ہوسکے گا۔(4) اخبارات میں شائع ہونے والے ستاروں کے کھیل سے اپنی زندگی کو غمگین ورَنجیدہ کرلینا۔ (5)مہمان کی رخصتی کے بعد گھر میں جھاڑو دینے کو منحوس خیال کرنا۔(6) جوتا اُتارتے وَقْت جوتے پر جوتا آنے سے بَدشُگُونی لینا۔(7) سیدھی آنکھ پھڑکے تو یقین کرلینا کہ کوئی مصیبت آئے گی(8)یہ سمجھنا کہ خالی قینچی چلانے سے گھر میں لڑائی ہوتی ہےاور کسی کا کنگھا اِستعمال کرنے سے دونوں میں جھگڑا ہوتا ہے۔(9)بچہ سویا ہو ا ہواُس کے اوپر سے کوئی پھلانگ کر گزر جائے تو بچے کا قد چھوٹا رہ جاتا ہے (10) رات کو آئینہ دیکھنے سے چہرے پر جُھریاں پڑتی ہیں(11) سورج گرہن کے وَقْت حامِلہ عورت چُھری سے کوئی چیز نہ کاٹے کہ بچہ پیدا ہوگا تو اس کا ہاتھ یا پاؤں کٹا یا چِراہوا ہوگا(12)کبھی نمبروں سے بَدفالی لینا(بالخصوص یورپی ممالک کے رہنے والے 13کے ہندسے کو منحوس سمجھتے ہیں) (13) مغرب کی اذان کے وَقْت تمام لائٹیں روشن کردینی چاہئیں ورنہ بلائیں اُترتی ہیں ۔
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد