Book Name:Ahl e Taqwa Ke 4 Osaf
جھٹلائیں * اللہ پاک کی کِتَاب میں اپنی مرضِی سے رَدّ و بدل کریں ، کچھ بھی کر لیں ہم نے جہنّم میں صِرْف چند دِن کے لئے جانا ہے ، پھر جنّت ہماری پکّی ہے ، ان کی یہ بےخوفی انہیں لے ڈُوبی اور یہ بےلگام ہو کر راہِ ہِدایت سے مَحْرُوم رہ گئے۔
معلوم ہوا؛ ہدایت قبول کرنے کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ آدمی کے دِل میں اِحْتِسَاب کا خوف ہو۔ اس کے بغیر بھی ہدایت پا جانا بہت دُشوار ہے۔
خُلاصۂ کلام یہ کہ قرآن ساری دُنیا کے لئے ہدایت ہے مگر اس ہدایت کو ہر کوئی قبول نہیں کرتا ، قرآن گویا بارِش ہے ، جس کے دِل کی زمین زرخیز ہے ، وہ جب قرآن سنتا یا پڑھتا ہے تو اس کے دِل میں ایمان و یقین کے پُھول کھلتے ہیں ، نیکی اور تقویٰ کا پھل لگتا ہے مگر جس کے دِل کی زمین زرخیز نہیں بلکہ کُوڑے کا ڈھیر ہے ، وہ جب قرآنی آیات سنتا ہے تو بدبُو اٹھتی ہے ، اس کی سرکشی میں اِضَافہ ہو جاتا ہے۔ اس لئے ہم قرآنِ کریم سے ہدایت لے کر دُنیا و آخرت میں کامیابی چاہتے ہیں تو ہم پر لازِم ہے کہ ہم اپنے دِل کی زمین کو زرخیز بنائیں۔ اس کے لئے ہمیں 4 باتیں اپنانی ہوں گی : ( 1 ) : اِیْمَان بالغیب ( یعنی بِن دیکھے ماننے ، اللہ پاک اور اس کے پیارے محبوب صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم پر کامِل اعتماد کی عادَت بنائیں ) ( 2 ) : نماز قائِم کریں ( یعنی نماز کے ظاہِری و باطنی آداب کا لحاظ رکھ کر پابندی کے ساتھ نماز پڑھا کریں ) ( 3 ) : حِرْص و ہَوَس اور مال کی محبّت دِل سے نکال کر راہِ خُدا میں دِل کھول کر خرچ کیا کریں ( 4 ) : آخرت پر کامِل یقین رکھیں اور دِل میں بارگاہِ اِلٰہی میں پیشی کا خوف بڑھائیں۔