Ahl e Taqwa Ke 4 Osaf

Book Name:Ahl e Taqwa Ke 4 Osaf

اہلِ تقوی کی ایک فضیلت

جس خوش بخت کو یہ چار اَوْصاف نصیب ہو جائیں ،  پھِر اس کا مَقام و مرتبہ ، عزّت و فضیلت کیا ہے ؟ اللہ پاک فرماتا ہے :

اُولٰٓىٕكَ عَلٰى هُدًى مِّنْ رَّبِّهِمْۗ-وَ اُولٰٓىٕكَ هُمُ الْمُفْلِحُوْنَ(۵)   ( پارہ : 1  ، سورۂ بقرہ : 5 )

ترجَمہ کنزُ العرفان : یہی لوگ اپنے رب کی طرف سے ہدایت پر ہیں اوریہی لوگ کامیابی حاصل کرنے والے ہیں۔

یعنی قیامت تک کے وہ لوگ جن کی یہ صفتیں ہیں ، وہ ہدایت پر غالِب ہیں ، ہدایت ان کے قبضے میں آ چکی ، اِنْ  شَآءَ اللہ الْکَرِیْم  وہ ان سے چھوٹ نہیں سکتی ، نفس و شیطان ، دُنیوی فِکْریں اور دیگر راحتیں و مصیبتیں انہیں اس ہدایت سے ہٹا نہیں سکتیں۔ اللہ پاک کے فَضْل وکرم سے یہ اس راستے پر چل رہے ہیں جو جہنّم سے بچتا ہوا ، اللہ پاک کے محبوب بندوں سے ملاتا ہوا ، جنّت میں ہوتا ہوا ،  اللہ رَبُّ العَالَمین تک پہنچا دیتا ہے۔ ( [1] )   

مشہور مُفسّرِ قُرآن ، حکیم الاُمّت مُفتی احمد یار خان نعیمی  رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں : ان آیتوں کا مطلب یہ ہے کہ جن میں یہ عقائد  ( مثلاً اِیْمان بالغیب ، قبر و آخرت ، جنّت ، دوزخ وغیرہ پر کامِل ایمان )  اور یہ اَعْمال  ( مثلاً نماز کی پابندی اور راہِ خُدا میں خرچ کرنا )  پائے جائیں وہ کامِل ہدایت پر ہیں اور کامِل کامیاب ہیں اور جن میں یہ اَوْصاف نہ ہوں ، وہ کامِل کامیاب نہ ہوں گے ، اگر ان کے عقائد دُرست نہ ہوں تو کامیابی سے بالکل محروم ہیں اور اگر صِرْف اَعْمَال بگڑے ہوئے ہیں تو ناقِص کامیاب ہیں۔   ( [2] )   


 

 



[1]...تفسیر نعیمی ، پارہ : 1 ، سورۂ بقرہ ، زیرآیت : 5جلد : 1 ، صفحہ : 147ملتقطاً۔

[2]...تفسیر نعیمی ، پارہ : 1 ، سورۂ بقرہ : زیرآیت : 5جلد : 1 ، صفحہ : 149۔