Hajj e Wida Ke Iman Afroz Waqiaat

Book Name:Hajj e Wida Ke Iman Afroz Waqiaat

حَجَّۃُ الْوِداع سے سیکھنے کی باتیں

پیارے اسلامی بھائیو !  حَجَّۃُ الْوِداع سیرتِ مصطفےٰ کا بہت اَہَم تَرِیْن پہلو ہے ، اس سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے ، بہت سارے عقائد اور اَعْمال کی اِصْلاح ( Refinement )  ہوتی ہے۔ آئیے ! اس تعلق سے چند ایمان افروز واقعات اور ان سے ملنے والے دَرْس سنتے ہیں :

حَجّۃُ الْوِدَاع میں انبیائے کرام علیہمُ السَّلام  کی شرکت

مُسْلِم شریف میں روایت ہے ، صحابئ رسول حضرت اِبْنِ عبّاس  رَضِیَ اللہ عنہما فرماتے ہیں : حاجیوں کا یہ نِرالا قافلہ سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی راہنمائی میں مدینۂ پاک سے مکہ مکرمہ جا رہا تھا ، راستے میں اَزْرَق نامی ایک وادِی آئی۔ سرکارِ عالی وقار ، مدینے کے تاجدار صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا : یہ کونسی وادی ہے ؟ عرض کیا گیا : وَادِئِ اَزْرَق۔ فرمایا : میں دیکھ رہا ہوں کہ اللہ پاک کے نبی حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلام نے اپنی انگلیاں کانوں پر رکھی ہوئی   ہیں اور تلبیہ  ( یعنی لَبَّیْک اَللّٰہُمَّ لَبَّیْک )  پڑھتے ہوئے اس وادی سے گزر رہے ہیں۔ حضرت اِبْنِ عبّاس رَضِیَ اللہ عنہ فرماتے ہیں : پِھر ہم مزید آگے بڑھے ، چلتے چلتے ایک گھاٹی آئی ، سرکارِ مدینہ ، راحتِ قلب و سینہ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا : یہ کونسی جگہ ہے ؟ عرض کیا گیا : یارسولَ اللہ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم ! یہ ہَرْشٰی نامی گھاٹی ہے۔   فرمایا : میں دیکھ رہا ہوں کہ اللہ پاک کے نبی حضرت یُونس عَلَیْہِ السَّلام سُرخ اُونٹنی پر سُوار ہیں ، آپ نے اُونی جُبّہ پہنا ہے ، اُونٹنی کی مُہار کھجور کی چھال سے بنی ہوئی ہے اور آپ تلبیہ  ( یعنی لَبَّیْک اَللّٰہُمَّ لَبَّیْک )  پڑھتے ہوئے  گزر رہے ہیں۔  ( [1] )


 

 



[1]...مسلم ، کتاب الایمان ، باب الاشراء برسول اللہ …الخ ، صفحہ : 82 ، حدیث : 166۔