Book Name:Apni Islah Kyun Zaroori Hai?

درست کیا ہے؟

(درست شرعی مسئلہ اور عوام میں پائی جانے والی غلط فہمی کی نشاندہی)

مسئلہ: مِل بیٹھ کر سب کا بلند آواز سے تِلاوت کرنا جائِز نہیں، گُنَاہ ہے۔

وضاحت: عام طَور ہمارے ہاں ایسا ہوتا ہے کہ گھروں اور دُکانوں وغیرہ پر برکت کے لئے قرآن خوانی کروائی جاتی ہے، یہ بہت اچھی بات ہے، قرآن خوانی ضرور کروانی چاہئے، جو نہیں کرواتے، انہیں بھی ذہن بنانا چاہئے، البتہ! عام طَور پر اس قرآن خوانی کا انداز یہ ہوتا ہے کہ سب ایک ہی جگہ قریب قریب بیٹھے اپنا اپنا اُونچی آواز سے پڑھ رہے ہوتے ہیں، یُوں سب کی آواز ایک ساتھ آ رہی ہوتی ہیں، ان میں سننے والا کوئی بھی نہیں ہوتا۔ اس طرح مل بیٹھ کر اُونچی آواز سے قرآن خوانی کرنا جائِز نہیں، گُنَاہ ہے۔ اس کا درست انداز یہ ہے کہ سب آہستہ یعنی اتنی آواز میں پڑھیں کہ اپنے کان سُن سکیں۔ یا یہ ہو کہ سب اتنی دُور دُور بیٹھیں کہ ایک کی آواز سے دوسرے کا دھیان نہ بٹے یا پِھر یُوں کر لیا جائے کہ ایک اُونچی آواز سے پڑھے، باقی سب سنتے جائیں۔([1]) اللہ  پاک ہمیں دُرست اسلامی اَحْکام سیکھنے اور ان پر عمل کرنے کی توفیق نصیب فرمائے۔ آمِیْن بِجَاہِ  خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم ۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                               صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد

اَسْمَاءُ الحسنیٰ کی برکات (وظیفہ)

یَا عَفُوُّ

جس کے گناہ بہت ہوں وہ یَا عَفُوُّ کی کثرت کرے اللہ پاک اپنے فضل سے اس کے تمام گناہ بخش دے گا۔([2])اللہ پاک ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمِیْن بِجَاہِ  خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم۔



[1]...فتاویٰ اہلسنت، غیر مطبوعہ، ریفرینس نمبر:Lar:6160۔

[2]...مدنی پنج سورہ، صفحہ:257۔