Book Name:Qurbani Aur Dil Ki Kaifiyaat

قَالَ اللہُ تَبَارَکَ وَ تَعَالٰی فِی الْقُرْآنِ الْکَرِیْم(اللہ پاک قرآنِ کریم میں فرماتا ہے):

لَنْ یَّنَالَ اللّٰهَ لُحُوْمُهَا وَ لَا دِمَآؤُهَا وَ لٰكِنْ یَّنَالُهُ التَّقْوٰى مِنْكُمْؕ

(پارہ:17، الحج:37 )

صَدَقَ اللہُ الْعَظِیْم وَ صَدَقَ رَسُوْلُہُ النَّبِیُّ الْکَرِیْم صلّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم

تَرْجَمۂ کَنْزُالْعِرْفَان:اللہ کے ہاں ہرگز نہ ان کے گوشت پہنچتے ہیں اور نہ ان کے خون، البتہ تمہاری طرف سے پرہیزگاری اس کی بارگاہ تک پہنچتی ہے۔

سب سے عظمت والا دِن

پیارے اسلامی بھائیو! الحمد للہ! آج یَوْمُ النَّحْر (یعنی قربانی کا دِن) ہے۔ عَشْرَۂ ذُوالحج (یعنی ذُو الحج کے ابتدائی 10 دِن جو انتہائی فضیلت والے ہیں، ان ) کا آخری دِن ہے۔ حدیثِ پاک کے مُطَابق عَشْرَۂ ذُو الحج میں ایک نیکی کا ثواب 700 گُنَا سے بھی زیادہ دِیا جاتا ہے،([1]) آج گویا نیکیوں کے اس موسَمِ بہار کا آخری دِن ہے، جتنی ممکن ہوں * آج نیکیاں کر لی جائیں * زیادہ سے زیادہ ذِکْرُ اللہ کیجئے! * درودِ پاک پڑھیئے! * پانچوں نمازیں باجماعت ادا کیجئے! * آج بالخصوص صدقہ و خیرات کا دِن ہے، قربانی کرنی ہے، قربانی کاگوشت غریبوں تک پہنچائیے! * مہمانوں کا آنا جانا ہوتا ہے، اچھی اچھی نیتوں کے ساتھ مہمان نوازی کیجئے! * صِلہ رحمی کا دِن ہے، اپنے عزیز رشتے داروں تک قربانی کا گوشت پہنچائیے! * اچھی اچھی نیتوں کے ساتھ رشتے داروں کو فُون کر کے عید مبارَک کہئے! اُن کا حال اَحْوال پوچھئے! غرض کہ کوشش کر کے آج زیادہ سے زیادہ نیکیاں کر لیجئے!


 

 



[1]...شعب الایمان، باب فی الصیام، تخصیص ایام العشر من ...الخ، جلد:3، صفحہ:356، حدیث:3758۔