Book Name:Azadi Aik Nemat Hai
ہم پہ جِدّ و جُہْدِ آزادی میں تھے سایہ فگن اَولیائے اُمَّتِ اَحْمَد، صحابہ، پنج تَن
اہلسنت و الجماعت کی مقاصِد سے لگن رَنگ کیسے لے نہ آتی، کیوں نہ مِل جاتا وطن
سینکڑوں پیروں، ہزاروں عالموں کی دوڑ دھوپ تھی نتیجہ خیر، ہم نے لے لیا اپنا وطن
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پاکستان اللہ پاک کی بڑی نعمت ہے
پیارے اسلامی بھائیو! *جس طرح بنی اسرائیل کو فِرعون سے آزادی ملنا ایک بڑی نعمت تھی، اسی طرح ہمیں غیر مسلم حکومتوں سے نجات ملنا بھی رَبِّ کریم کا بہت بڑا انعام ہے *جیسے بنی اسرائیل اِیْمان والے تھے، فِرْعون کے زیرِ حکومت رِہ رہے تھے، اسی طرح مُغْلیہ سلطنت کے زوال کے بعد بَرِّصغیر پر غیر مسلموں کی حکومت آئی، مسلمان اِن کے زَیرِ حکومت آگئے، اب مسلمانوں کو اِن کے بنائے ہوئے قَوَانین کے مُطابِق زِندگی گزارنی پڑتی تھی، ظاہِر ہے غیر مسلم جو قانون بنائے گا وہ قرآن و سُنّت کے مُطابِق تو نہیں ہوں گے *اس لئے مسلمانوں کو قرآنِ کریم پر *سُنتوں پر *اپنے دِین کی تعلیمات پر آزادی کے ساتھ عمل کرنے میں دُشواریاں تھیں، حکومت جب چاہتی، جس دِینی مسئلے میں چاہتی رُکاوٹ کھڑی کر دیتی تھی *نماز پڑھنے میں مشکلات تھیں *روزے رکھنے میں مشکلات تھیں *قربانی کرنے میں دُشواریاں تھیں *مسلمان قرضوں کے بوجھ تلے دبتے چلے جا رہے تھے *آخر جیسے بنی اسرائیل پر کرم ہوا، انہیں آزادی کی نعمت دی گئی، یونہی رَبِّ رحمٰن نے اپنے محبوبِ ذیشان صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کے صدقے ہمیں بھی آزادی کی نعمت سے مالا مال فرمایا اور ہمیں آزاد ملک عطا فرما دیا۔