Naat e Mustafa Ke Fazail

Book Name:Naat e Mustafa Ke Fazail

نعتِ مصطفےٰ کو چھپانا

پیارے اسلامی بھائیو! جس طرح نعتِ مصطفےٰ کا ذِکْر ذریعۂ ہدایت ہے، یونہی نعتِ محبوب صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کو چُھپانا گمراہی کا سبب بھی ہے۔ اللہ پاک نے بنی اسرائیل کے متعلق فرمایا:

اِنَّ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا وَ صَدُّوْا عَنْ سَبِیْلِ اللّٰهِ قَدْ ضَلُّوْا ضَلٰلًۢا بَعِیْدًا(۱۶۷) (پارہ:6، النساء:167)

تَرْجَمَۂ کَنْزُالْعِرْفَان: بیشک وہ لوگ جنہوں نے کفر کیا اور اللہ کی راہ سے روکا بیشک وہ دور کی گمراہی میں جا پڑے۔

یعنی وہ بُرے لوگ جو لوگوں کو اللہ کے رستے سے روکتے ہیں، دِینِ اسلام سے روکتے ہیں وہ بہت بڑی گمراہی میں ہیں۔ اب یہاں سُوال یہ ہے کہ وہ اللہ کے رستے سے لوگوں کو روکتے کیسے ہیں؟ اس کا انداز کیا اختیار کرتے ہیں؟ مفسرینِ کرام نے فرمایا: بِکَتْمِہِمْ نَعْتَ مُحَمَّدٍ([1]) یعنی بنی اسرائیل اللہ پاک کے بندوں کو اللہ پاک کے رستے سے روکنے کے لئے،  راہِ ہدایت سے روکنے کے لئے نعتِ مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کو چُھپا دیتے ہیں۔

پیارے اسلامی بھائیو! پتا چلا! *نعتِ مصطفےٰ کو چُھپانا *اَوْصافِ مصطفےٰ کا چُھپانا *کمالاتِ مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کو بیان نہ کرنا، گمراہیوں کا سبب بنتاہے۔ اس لئے ہمیں چاہئے کہ گج وَجْ کے، ذوق و شوق کے ساتھ، پُوری ایمانی قُوّت کے ساتھ محبوبِ ذیشان صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کا ذِکْرِ خیر بَس کرتے ہی رہا کریں، اس میں ہر گز کمی نہ آنے دیں۔


 

 



[1]... تفسیر جلالین مع حاشیہ صاوی، پارہ:6، البقرۃ،زیرِ آیت:167، جلد:1، جز:2، صفحہ:84۔