Naat e Mustafa Ke Fazail

Book Name:Naat e Mustafa Ke Fazail

مُحَمَّدِ مصطفےٰ! سب سے آخری نبی

پیارے اسلامی بھائیو! 7 ستمبر کو ہمارے ملکِ عزیز پاکستان میں یومِ ختمِ نبوت منایا جاتا ہے۔ الحمد للہ! یہ اس پاک وطن کا خصوصی اعزاز ہے کہ پُوری دُنیا میں واحِد پاکستان ہے جہاں ختمِ نبوت کےعقیدے کا تحفظ آئین کا حصّہ ہے۔

ہمارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم آخری نبی ہیں، آپ کے بعد قیامت تک کوئی نیا نبی پیدا نہیں ہو گا، یہ عقیدہ قطعی(یعنی 112 ٪ یقینی) ہے، اعلیٰ حضرت رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں: لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہ پر ایمان لانا جتنا ضروری ہے،  خَاتَمُ النَّبِیّٖن پر ایمان لانا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔([1]) پچھلی آسمانی کتابوں میں رسولِ اکرم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی جو نعتیں بیان ہوئیں، ان میں ایک یہ بھی ہے کہ آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم سب سے آخری نبی ہیں۔حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللہُ عنہ سے روایت ہے، آخری نبی، مکی مَدَنی، مُحَمَّدِ عربی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا: بےشک جب موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام پر تورات نازِل ہوئی تو آپ نے اس کی تلاوت فرمائی، اس میں اِس (آخری) اُمَّت کا ذِکْر پڑھا تو عرض کیا: اے اللہ پاک! میں تورات میں ایسی اُمَّت کا ذِکْر دیکھتا ہوں جو (زمانے کے اعتبار سے) سب سے آخری اور قیامت  کےدن(فضیلت میں)  سب سے آگے ہو گی، اے مالِکِ کریم! اسے میری اُمَّت بنا دے! اللہ پاک نے فرمایا: تِلْکَ اُمَّۃُ اَحْمَد یعنی (اے موسیٰ!) یہ (سب سے آخری نبی) اَحْمَد ِمجتبیٰ (صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم) کی اُمَّت ہے۔([2])


 

 



[1]...فتاوٰی رضویہ، جلد:15، صفحہ:630 خلاصۃً۔

[2] ...دلائل النبوہ للبیہقی،جماع ابواب صفۃ رسول اللہ، باب صفۃ رسول اللہ فی...الخ، جلد:1، صفحہ:379۔