Naat e Mustafa Ke Fazail

Book Name:Naat e Mustafa Ke Fazail

مریض کلمہ پڑھ کر مسلمان ہو گیا

مسندِ امام احمد میں ہے: ایک مرتبہ پیارے نبی، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ایک یہودی کے قریب سے گزرے، اُس کا بیٹا بیمار تھا اور وہ اُس کے سرہانے بیٹھا تورات پڑھ رہا تھا، سرکارِ عالی وقار، مکی مَدَنی تاجدار صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: اے یہودی! تجھے اُس سچّے خُدا کی قسم! جس نے موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام پر تورات اُتاری، کیا تورات میں میری نعت اور اَوْصاف لکھے ہیں، اُس نے فورًا ہی اِنکار کر دیا مگر اُس کا بیٹا جو بیمار تھا، اُس کی قسمت کا ستارہ چمک رہا تھا، اُس نے فورًا (اپنے باپ کا جُھوٹ واضِح کرتے ہوئے )کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ تورات میں آپ کی نعت، آپ کی صِفَات اور آپ کے تشریف لانے کے زمانے کا ذِکْر موجود ہے۔ یہ کہتے ہی اس (یعنی بچے )نے کلمہ پڑھا اور مسلمان ہو گیا۔([1])

یہ کس شہنشہِ والا کی آمد آمد ہے

یہ کون سے شہِ بالا کی آمد آمد ہے

وہ آئے آنے کی جن کے خبر تھی مُدت سے

دُعا     خلیل       کی       عیسیٰ      کی       جو       بشارت       تھے([2])

سُبْحٰنَ اللہ! یہ ہے نعتِ مصطفےٰ کا فیضان...!! ایک غیر مسلم نے جب تورات شریف میں لکھی ہوئی نعت شریف کو دِل سے مان لیا، دِل سے تسلیم کر لیا تو اُس کی بَرَکت سے اُس خوش نصیب کو اِیمان کی دولت بھی مل گئی اور صحابیت کا بلند تَرِین درجہ بھی نصیب ہو گیا۔


 

 



[1]...مسندامام احمد، مسند الانصار، حدیث رجل من اصحاب النبی،جلد:9 ،صفحہ:551 ،حدیث:24135۔

[2]... سامان بخشش، صفحہ:135و 136 ملتقطًا۔