Book Name:Mohabbat e Auliya Ke Fazail
تبدیل نہیں ہوتے، اے لوگو! یہ بڑی کامیابی ہے، اس کی طرف رغبت کرو...!! ([1])
سُبْحٰنَ اللہ! پیارے اسلامی بھائیو! اَوْلیائے کرام کی کیسی نِرالی شانیں ہیں، اللہ پاک انہیں دُنیا میں بھی بلند مقامات عطا فرماتا ہے اور آخرت میں بھی انہیں بلند مقامات دئیے جائیں گے، الحمد للہ! اَوْلیائے کرام دُنیا میں بھی سردار ہیں اور اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! آخرت میں بھی سردار ہوں گے۔
اَوْلیائے کرام کی محبّت دِلوں میں ڈالی جاتی ہے
اے عاشقانِ رسول! قرآنِ کریم میں اور بھی کئی مقامات پر اَوْلیائے کرام کی شانیں بیان ہوئی ہیں، پارہ:16، سورۂ مریَم میں ارشاد ہوتا ہے:
اِنَّ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ سَیَجْعَلُ لَهُمُ الرَّحْمٰنُ وُدًّا(۹۶) (پارہ:16، المریم:96)
تَرْجَمَه کَنْزُالْعِرْفَان:بیشک وہ جو ایمان لائے اور نیک اعمال کئے عنقریب رحمٰن ان کے لئے محبت پیدا کردے گا۔
سُبْحٰنَ اللہ! معلوم ہوا؛ وہ لوگ جنہوں نے ایمان قبول کیا، ایمان کے بلند ترین مقام تک پہنچے، ساری زندگی ان کا ایمان، ان کا عقیدہ ہر عیب سے، ہر کمی سے پاک رہا، وہ ایمان کے لحاظ سے بھی کامِل ہوئے، عقیدے کے لحاظ سے بھی کامِل ہوئے، پِھر اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے نیک اَعْمال بھی خوب کئے، انہوں نے اپنی پُوری زِندگی اللہ پاک کی کامِل بندگی میں گزاری، ان کی یہ شان ہے کہ اللہ پاک خُود بھی ان سے محبّت فرماتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ لوگوں کے دِلوں میں بھی ان کی محبّت رکھ دی جاتی ہے۔