Book Name:Hazrat Musa Ki Shan o Azmat
پیارے اسلامی بھائیو!۔ایک مسلمان کے لئے سب سے قیمتی چیز اُس کا ایمان ہے اس لیے ہمیں اپنے ایمان کی حفاظت کی فکر سب سے زیادہ کرنی چاہیے ایمان کی حفاظت کا ایک بہت بڑا ذریعہ کسی پیرِ کامل کے ہاتھ میں ہاتھ دینا ہے۔ اَلْحَمْدُ للہ شیخ طریقت امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اس دور کے بہت بڑے ولی اور پیرِ کامل ہیں آپ دامت برکاتہم العالیہ غوثِ پاک رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کا مرید بناتے ہیں۔ امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اپنے مریدین کو نیکیوں کا پابند بننے اور گناہوں سے بچنے کے طریقوں پر مشتمل شریعت و طریقت کا جامع مجموعہ ”72 نیک اعمال“ کا بہت پیارا تحفہ عطا فرمایا ہے ان 72 نیک اعمال میں سے ایک نیک عمل نمبر 7 یہ ہے کہ” کیا آج آپ نے شجرے کے کچھ نہ کچھ اوراد پڑھے؟ “ اوراد و وظائف کرنے کی برکت سے ہم بہت سی پریشانیوں اور شیطان کے شر سے بھی بچتے رہیں گے۔لہٰذا نیکیاں کرنے، گناہوں سے بچنے اور ایمان کی حفاظت کی فکر پانے کے لئے دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ ہوجائیے، دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں حصہ لیجئے، مدنی قافلوں میں سفر اور نیک اعمال پر عمل کیجئے ۔
پیارے اسلامی بھائیو!آئیے!حدیث پاک سے متعلق چند مدنی پھول سننے کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔پہلے 2فرامین مصطفے صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ملاحظہ کیجئے:(1)فرمایا:جو شخص دینی معاملات کے متعلق چالیس(40) حدیثیں یاد کرکے میری امت تک پہنچا دے گا اللہ پاک (قیامت کے دن) اس کو اس شان کے ساتھ اٹھائے گاکہ وہ فقیہ ہوگا اور میں قیامت کے دن اس کی شفاعت کروں گا اور اسکے لئے گواہی دوں گا۔ (مشکاۃ المصابیح،کتاب العلم،الفصل الثالث،۱/۶۸، حدیث: ۲۵۸ ((2)فرمایا: اللہ پاک اسکو تَروتازہ رکھے جو میری حدیث کو سنے ، یاد رکھے اور دوسروں تک پہنچائے۔ ( تِرمِذی، ۴/۲۹۸، حدیث: ۲۶۶۵)