Deeni Mutala Ki Ahmiyat

Book Name:Deeni Mutala Ki Ahmiyat

اس سے پتا چلا؛ کہ دِینی کِتَابیں نہ پڑھنا، محض سُنی سُنائی باتوں پر ہی چلتے رہنا بھی بعض دفعہ گمراہی کا سبب بن جاتا ہے۔ ہم سب تو الحمد للہ! مسلمان ہیں، اللہ پاک ہمارا ایمان سلامت رکھے۔ البتہ! دِینی مطالعہ نہ ہونے کے نُقصانات ہمارے معاشرے میں بھی پائے جاتے ہیں۔ کتنی ایسی بُری رَسمیں ہیں، جو مُعَاشرے میں رائج ہیں، لوگوں کو سمجھائیں، بتائیں کہ یہ رَسم ٹھیک نہیں ہے، قرآن و سُنّت کے خِلاف ہے تو مانتے ہی نہیں ہیں، انہیں نیکی کی دعوت پیش کریں تو کہتے ہیں: مولانا صاحِب...!! آپ نے نیا دِین شروع کر لیا ہے۔

اب اِنہیں کون سمجھائے کہ بھائی! دِین بدلا نہیں ہے، ہم تو آپ کو وہ بات بتا رہے ہیں *جو قرآنِ کریم میں ہے *حدیثوں میں لکھی ہے *صدیوں پہلے سے عُلَمائے کرام کتابوں میں لکھ رہے ہیں، بات یہ ہے کہ آپ نے کتاب پڑھی نہیں، بس سُنی سُنائی پر چلتے جاتے ہیں۔ مثال کے طور پر ہمارے ہاں ایک غلط مسئلہ مشہور ہے کہ نماز میں سیدھے پاؤں کا انگوٹھا بالکل ہِلنا نہیں چاہئے۔ ذرا سا  ہِل گیا تو نماز ٹوٹ جائے گی۔ یہ غلط مشہور ہے۔ حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ انگوٹھا ہلنے سے نماز نہیں ٹوٹتی۔

اسی طرح کی اور کتنی باتیں ہیں، کتنی ساری غلط رسمیں ہیں جولوگوں میں رائج ہیں۔ بتایا جائے، سمجھایا جائے تو مانتے نہیں ہیں، اُلٹا کہتے ہیں: مَوْلَوِیوں نے دِین بدل دیا ہے۔

اللہ پاک ہمارے حال پر رحم فرمائے۔ ہمیں دِینی کِتَابیں پڑھنے کی عادَت بنانی چاہئے، کتابیں پڑھیں گے تو پتا چلے گا اَصْل میں دِین کیا ہے؟ قرآنِ پاک میں اللہ پاک نے کیا فرمایا ہے؟ حدیثوں میں کیا آیا ہے؟ عاشقانِ رسول عُلَمائے کرام، غوثِ پاک، داتا حُضُور، خواجہ غریب نواز، اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ علیہم وغیرہ اَوْلیائے کرام کی تَعْلِیْمات کیا ہیں؟اس لئے ہمیں دِینی مُطالعہ کی عادَت بنانی چاہئے۔