دیار غوث کی حاضری

عاشقانِ رسول کی مَدَنی تحریک دعوتِ اسلامی دنیا بھر میں نیکی کی دعوت عام کرنے کے لئے جن ذرائع کا استعمال کررہی ہے ان میں سے ایک ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ بھی ہے۔ میں خود بھی کوشش کرتا ہوں کہ ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کا مطالعہ کروں اور دعوتِ اسلامی کے ذِمّہ داران کو بھی میرا مشورہ ہے کہ ضرور بِالضرور اس کے مُطالعے کا معمول بنائیں، اِنْ شَآءَ اللہ علمِ دین کے انمول خزانے کے علاوہ مَدَنی تربیت کے مدنی پھول بھی حاصل ہوں گے۔ گزشتہ دنوں مَدنی چینل کے مقبولِ عام سلسلے ”ذہنی آزمائش سیزن 10“ میں ہم نے ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کی تشہیر اور اس کی فروخت میں اضافے کیلئے بھرپور کوشش کی جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ بہر حال ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کےمحمد آصف عطّاری مَدَنی (چیف ایڈیٹر) نے بتایا کہ خطوط (Letters) اور WhatsApp وغیرہ کے ذریعے فرمائش آئی ہے کہ ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ میں مجھ ناکارہ کا مضمون بھی آنا چاہئے۔ کیا میں اور کیا تحریری کام! بہرحال آپس کے مشورے میں یہ طے پایا کہ ”مدنی سفر نامہ“ شائع کرنے کی صورت بنائی جائے اور میں اس سلسلے کے لئے صَوتی پیغامات (Voice Messages) کے ذریعے سفر کے احوال عرض کروں گا اور مجلس ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کے اسلامی بھائی اسے تحریری صورت میں مرتب کریں گے۔ اللہ کریم مجھے اخلاص و استقامت کے ساتھ اس سلسلے کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

کام وہ لے لیجئے تم کو جو راضی کرے ٹھیک ہو نامِ رضا تم پہ کروڑوں درود

عرب ممالِک میں دعوتِ اسلامی کی مدنی بہاریں اللہ پاک کے فضل و کرم سے گزشتہ کئی سالوں سے دعوتِ اسلامی کی مدنی بہاریں عرب ممالک میں بھی عام ہو رہی ہیں۔ عرب ممالک سے پاکستان آنے والے علمائے کرام کی عالَمی مَدَنی مرکز فیضانِ مدینہ بابُ المدینہ کراچی میں آمد نیز امیرِ اہلِ سنّت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ سے فیضانِ مدینہ اور گزشتہ سال 1439ہجری میں سفرِ حج کے دوران مکۂ مکرمہ میں ملاقات کے ثمرات سامنے آنے لگے ہیں۔ بغدادِ معلّی میں ہونے والا عُلومُ القراٰن سیمینار 16فروری 2019ء کو عِراق کے شہر مدینۃُ الاولیاء بغداد شریف میں عُلومُ القراٰن کے عنوان سے سیمینار منعقد کیا گیا اور مُنتَظِمین کی طرف سے دعوتِ اسلامی کے مَدَنی مرکز کو بھی پانچ یا چھ علماء و مُبلّغین بھیجنے کی دعوت دی گئی۔ 16فروری کو ہی نیپال میں دعوتِ اسلامی کے ذِمّہ داران کا سُنّتوں بھرا اجتماع اور مدنی مشوروں کا سلسلہ ہونا تھا جس میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا عمران عطّاری کی تشریف آوری بھی تھی۔ ابتداءً میں نے سیمینار میں شرکت سے معذرت کرلی کیونکہ میری حاضری نیپال کے سُنّتوں بھرے اجتماع میں پہلے سے طے تھی لیکن سیمینار کے مُنتَظِمین کے اصرار پر ہامی بھرلی، ایک نیّت یہ بھی کی تھی کہ اس میں شرکت کی بدولت دنیا کے مختلف مَمالک سے تشریف لانے والے علمائے کرام اور شخصیات سے ملاقات اور دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں کا تعارف پیش کرنے کا بھی موقع ملے گا۔ اس سفر کے اخراجات مُنتَظِمین نے پیش کئے یعنی ہمیں اسپانسر کیا۔ سُوئے بغداد روانگی 15فروری 2019ء بروز جمعہ بابُ المدینہ کراچی کے انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے صبح کے وقت ہمارے سفر کا آغاز ہوا۔ پیارے اسلامی بھائیو! جب بھی ہوائی جہاز میں سفر کا موقع ملے، چند باتوں کا خیال رکھیں: ٭اپنے بیگ وغیرہ پر کوئی نشانی لگالیں ٭کسی انجان کے سامان کی ذِمّہ داری ہرگز نہ لیں ٭بلندی سے گِرنے اور جلنے سے امن میں رہنے کی دعا بھی پڑھ لیا کریں۔([1])٭جہاز عموماً اوپر جاتے اور نیچے اترتے ہوئے دائیں بائیں ہِلتا ہے، اس میں گھبرانے کی کوئی بات نہیں ٭دورانِ سفر ذکر و دُرود اور نیکی کی دعوت کا سلسلہ رکھیں ٭فضائی عملے میں بے پردہ عورتیں بھی شامل ہوتی ہیں، اس لئے نگاہوں کی حفاظت کا خاص خیال رکھیں ٭نشست گاہ کے آگے موجود اسکرین پر بسا اوقات فلموں ڈراموں کا سلسلہ ہوتا ہے، اس کی بھی اس انداز میں ترکیب بنالیں کہ کسی گناہ میں مبتلا نہ ہوں، بلکہ آف کرنے میں ہی عافیت ہے ٭فضائی سفر کے دوران بھی ”فرض نماز“ وقت کے اندر ادا کرنا ضروری ہے، لہٰذا دورانِ سفر نماز کی پابندی کریں، اپنے موبائل یا ٹیبلٹ میں دعوتِ اسلامی کی مجلس آئی ٹی کی بنائی ہوئی ایپ Prayer Times انسٹال کرلیں، کہ نماز کا وقت جاننے کا اہم ذریعہ ہے۔([2]) ٭اگر آپ وقتاً فوقتاً فضائی سفر کرتے رہتے ہیں تو کسی ایک ایئر لائن کو مخصوص کرلیں اور ممکنہ صورت میں اسی سے سفر کیا کریں۔ اس صورت میں آپ اس ایئر لائن کے مستقل کسٹمر بن جائیں گے اور آپ کو کئی ایسی سہولیات میسر ہوجائیں گی جو عام مسافروں کو نہیں ملتیں مثلاً بِلامعاوضہ سامان (Luggage) کی اضافی مقدار کی سہولت، اکانومی کلاس فُل ہونے کی صورت میں اضافی معاوضے کے بغیر بزنس کلاس میں سفر اور بزنس کلاس لاؤنج وغیرہ۔ چونکہ مجھے اکثر و بیشتر ہوائی جہاز سے سفر کا موقع ملتا ہے، اس لئے میں نے بھی ایک ایئر لائن مخصوص کرلی ہے اور میں اس کا گولڈ کارڈ ممبر ہوں جس کی بدولت کئی اضافی سہولیات دستیاب ہوجاتی ہیں۔ دوحہ (قطر) میں عارضی قیام بابُ المدینہ کراچی سے ہم تقریباً اڑھائی گھنٹے میں قطر کے دارُالخلافہ (Capital) دوحہ پہنچے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ دوحہ میں بھی دعوتِ اسلامی کا مَدَنی کام موجود ہے۔ دوحہ پہنچتے ہی مجھے یہاں کے ذِمّہ داران کا پیغام موصول ہوا کہ اگر آپ باہر آسکتے ہیں تو ہم آپ سے ملنے پہنچ جاتے ہیں لیکن وقت کی کمی کے باعث ترکیب نہ بن سکی۔ کم و بیش چار گھنٹے قیام کے بعد طیارہ بغداد کی طرف روانہ ہوا اور دو گھنٹے بعد ہمیں بغداد ایئر پورٹ پہنچادیا۔ غالباً یہ بغداد شریف میں میری چَھٹی (6) حاضری ہے۔ مجھ سمیت پانچ افراد جن میں مفتی علی اصغر عطّاری مدنی اور شعبہ عربی (مدنی چینل) کے ذِمہ دار مولانا عبداللہ عطّاری بھی شامل تھے، بابُ المدینہ کراچی سے جبکہ ایک مُبلغِ دعوتِ اسلامی جرمنی اور ایک تُرکی سے بغدادِ معلیٰ کے انٹرنیشل ایئر پورٹ پر پہنچے۔ وقت کے قدر دانوں کی صحبت کا اثر خوش قسمتی سے مجھے شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اور نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطّاری کے ساتھ سفر کی سعادت نصیب ہوئی ہے۔ میں نے ان دونوں کا یہ طرزِ عمل دیکھا ہے کہ سفر کے دوران بھی کسی نہ کسی اچّھے کام میں مصروف رہتے ہیں۔ امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اپنے کئی نعتیہ کلام اور مناجات وغیرہ سفر کے دوران تحریر فرمائے ہیں۔ نگرانِ شوریٰ کو بھی دورانِ سفر مُطالعہ اور بیانات کی تیاری وغیرہ میں مصروف دیکھا ہے۔ چنانچہ میری بھی کوشش ہوتی ہے کہ دورانِ سفر کسی اچّھے کام میں مصروف رہوں جیسا کہ ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کے اس سلسلے ”مدنی سفر نامہ“ سے متعلق کئی صَوتی پیغامات بھی دورانِ سفرریکارڈ کروائے۔ سفر کے دوران مصروف رہنے کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ وقت آرام سے گزر جاتا ہے۔ مدنی ماحول کی برکت تقریباً 2ماہ پہلے بھی بغداد شریف پرائیویٹ قافلے کی صورت میں حاضری کی سعادت ملی تھی۔ اُس وقت ہم نے امیگریشن کی لائن میں کھڑے ہو کرانتظار کیا اور پھر اپنا سامان خود اٹھاکر باہر گاڑی میں رکھا،لیکن اب چونکہ ہم دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز کے نمائندے بن کر حاضر ہوئے تھے،اس لئے سیمینار کے مُنتَظِمین نے ہمارا استقبال کیا، ہمارا سامان اور پاسپورٹ لے کر قِطار کے بغیر ہمارا امیگریشن کروایا اور VIP لاؤنج میں بٹھایا، یقیناً یہ سب دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول اور امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے دامن سے وابستگی کی برکت ہے۔

مجھ کو ملی ہےعزت عطّار کی بدولت چمکی ہے میری قسمت عطّار کی بدولت (بقیہ اگلے شمارے میں )

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭رکنِ شوریٰ ونگران مجلس مدنی چینل



[1] ۔۔۔اَللّٰهُمَّ اِنِّيٓ اَعُوْذُ بِكَ مِنَ الْهَدْمِ وَاَعُوْذُ بِكَ مِنَ التَّرَدِّيْط وَاَعُوْذُ بِكَ مِنَ الْغَرَقِ وَالْحَرَقِ وَالْهَرَمِط وَاَعُوْذُ بِكَ اَنْ يَّتَخَبَّطَنِيَ الشَّيْطٰنُ عِنْدَ الْمَوْتِط وَاَعُوْذُ بِكَ اَنْ اَمُوْتَ فِي سَبِيْلِكَ مُدْبِرًاط وَاَعُوْذُ بِكَ اَنْ اَمُوْتَ لَدِيْغًاط(ابوداؤد،ج2،ص132،حدیث:1552) مدنی پھول: بُلند مَقام سے گِرنے کو تَرَدِّیْ اورجلنے کوحَرَق کہتے ہیں۔ نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یہ دُعا مانگا کرتے تھے۔ یہ دُعا طَیّارے کیلئے مخصوص نہیں، چُونکہ اِس دُعامیں ”بلندی سے گِرنے“ اور ”جلنے“ سے بھی پناہ مانگی گئی ہے اور ہوائی سفر میں یہ دونوں خطرات موجود ہوتے ہیں، لہٰذا اُمیّد ہے کہ اِسے پڑھنے کی بَرَکت سے ہوائی جہاز حادِثے سے محفوظ رہے گا۔

[2] ۔۔۔ ایپلی کیشن کا لنک: https://play.google.com/store/apps/details?id=com.dawateislami.namaz


Share

Articles

Comments


Security Code