Book Name:Shadi Aur Islami Talimaat
پیارے پیارے اسلامی بھائیو!رشتے کی تلاش اورمنگنی کے بعد اب نکاح و رُخصتی کا موقع آتاہے ، نکاح نہ صرف نیک عمل بلکہ سُنَّتِ مُبارَکہ ہے ، قرآنِ کریم میں بھی ربِّ کریم نےنکاح کی ترغیب ارشاد فرمائی ہے ، چنانچہ
پارہ 4سورۃُالنسآء کی آیت نمبر3میں ارشاد ہوتاہے :
فَانْكِحُوْا مَا طَابَ لَكُمْ مِّنَ النِّسَآءِ (پ۴ ، النساء : ۳)
تر جَمۂ کنز العرفان : تو ان عورتوں سےنکاح کرو جوتمہیں پسند ہوں
اسی طرح کئی احادیثِ مبارَکہ میں بھی نکاح کی نہ صرف ترغیب ہے بلکہ اس کے بے شمار فضائل وبرکات بھی موجود ہیں ، آئیے! ترغیب کے لئےنکاح کی ترغیب و فضائل پر 5فرامینِ مصطفےٰسنتے ہیں ، چنانچہ
ارشادفرمایا : نکاح کر کے اَولادکی کثرت کرو کہ میں قیامت کے دن تمہارے سبب دوسری اُمّتوں پر فخر کروں گا ۔ ([1])
ارشادفرمایا : تم میں سے جو نکاح کی طاقت رکھے وہ ضرور نکاح کرے کیونکہ نکاح ، نگاہ کو جُھکانے والا اور شرم گاہ کا محافظ ہے اور جو نکاح کی طاقت نہ رکھتا ہو اُسے چاہئےکہ روزے رکھےکہ روزے اس کیلئے ڈھال ہیں۔ ([2])