Book Name:Jamal e Mustafa
توخواہش ہے کہ ان کی رَفاقت اِخْتیار کروں ۔ اگر میرے اِخْتیار میں ہوا تو میں اپنی اس خواہش کی تکمیل ضَرور کروں گا۔ ( اور پھر ایسا ہی ہوا کہ اللہ پاک نے نبیِ رَحمت ، باعثِ خَیْر و برکت صَلَّی اللہ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے بابرکت قدم ان کے گھر میں پڑجانے کی برکت سے نہ صِرف اُمِّ مَعْبد کے شوہر بلکہ خود اُمِّ مَعْبد رَضِیَ اللہ عَنْہا کو بھی دولتِ اسلام سے سرفَراز فرمایا اور شرفِ صحابیّت بھی عطا فرمادیا ) ۔ ( سبل الھدی والرشاد ، الباب الرابع فی ہجرۃ …الخ ، ۳ / ۲۴۴ملتقطا )
حُسن و جمالِ مصطفیٰ مرحباصدمرحبا۔۔۔۔
اَوج و کمالِ مصطفیٰ مرحبا صد مرحبا
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب ! صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد
پیارےاسلامی بھائیو ! آپ نے سنا کہ ہمارے نبی ِبے مثال ، پیکرِ حُسن وجَمال صَلَّی اللہ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کواللہ پاک نے کیساحُسن وجَمال عطافرمایاہے کہ مُسلمانوں نے جب آپ کے رُخِ زَیبا کودیکھاتو آپ کے نام پراپنی جانیں نچھاور کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے اورجب کسی غیر مسلم نے دیکھا توآپ کا حَسین سراپا ، اس کی نظرمیں ایساسَمایا کہ وہ دائرۂ اِسلام میں داخل ہوگیا ۔یقیناً اَوَّلین و آخرین میں نہ توکوئی ایسا تھا نہ ہے نہ ہوگا۔
نبیِّ کریم صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے حُسن وجمال کا اَندازہ اس بات سے لگایئے کہاللہ تبارَکَ و تعالیٰ نے تمام حَسین وجمیل اَشیا ءکو پیدا فرما کر پُوری کائنات کو حُسن و جَمال بخشااور پھر پُوری کائنات کے حُسن سے بڑھ کرحضرتِ یُوسف عَلَیْہِ السَّلَام کوحُسن و جَمال عطا فرمایا۔ آپ عَلَیْہِ السَّلَام کے حُسن و جما ل کا یہ عالَم تھا کہ جب مِصْر کی عورتوں نے آپ کو دیکھا ، توآپ کے حُسن میں ایسی خُود رَفْتہ اور گُم ہوئیں کہ بے خُودی کے عالَم میں اُنہوں نے اپنے ہاتھ کی اُنگلیاں تک کاٹ ڈالیں۔