Book Name:Kamyabi Ka Asal Miyar

نفس ہر بُرائی کا ٹھکانہ ہے

پیارے اسلامی بھائیو ! تزکیۂ نفس  ( یعنی نفس کو سدھارنے کی کوشش جاری رکھنا )  بہت ضروری ہے۔ حُجَّۃُ الاسلام امام محمد بن محمد غزالی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ  فرماتے ہیں : نفس شیطان سے بھی بڑا دُشمن ہے ، شیطان کو ہم پر خواہشاتِ نفس ہی کے ذریعے غلبہ حاصِل ہوتا ہے ،    لہٰذا اگر تم نفس کی رضا میں اس کی خواہشات کی پیروی کرو گے تو ہلاک ہو جاؤ گے ، اگرنفس کی خواہشات پر غور و فکر کرنے سے غافِل رہو گے تو گُنَاہوں کے سمندر میں غرق ہو جاؤ گے ، تمہارا نفس تمہیں جہنّم کی طرف کھینچ کر لے جائے گا ، یاد رکھو ! نفس مصیبتوں کی جَڑ ، شرمندگی کی کان ، ابلیس کا خزانہ اور ہر بُرائی کا ٹھکانہ ہے۔   ( [1] )

نفس جہنم میں جانے کا سبب بھی ہو سکتا ہے

مُکاشفۃُ القُلوب میں ہے : حضرت ابوالحسن رازی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کے کسی قریبی عزیز کا انتقال ہو گیا ، اس کے مرنے کے بعد حضرت ابو الحسن رازی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ نے اسے خواب میں اس حال میں دیکھا کہ اس کے جسم پر جہنمی لباس تھا۔ آپ نے پوچھا : یہ کیا ہوا ؟ میں تمہیں جہنمیوں کے لباس میں دیکھ رہا ہوں ؟ مرنے والے نے کہا : مجھے میرا نفس جہنّم میں لے گیا ، تم اس کے دھوکے میں کبھی مت آنا... ! !    ( [2] )  

سرورِ   دیں  لیجے   اپنے   ناتُوانوں   کی  خبر                                                  نفس وشیطاں سیِّدا ! کب تک دباتے جائیں گے ( [3] )

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبِ !                                                صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد


 

 



[1]...مکاشفۃ القلوب مترجم ، صفحہ : 46خلاصۃً ۔

[2]...مکاشفۃ القلوب مترجم ، صفحہ : 51-52خلاصۃً  ۔

[3]...حدائق بخشش ، صفحہ : 155۔