Book Name:Quran Karim Ki 3 Shanain
معاملات ہیں، جن کو ہم اس اُصُول پر تَول سکتے ہیں۔ اللہ پاک ہمیں ہمیشہ درست چیزوں کا انتخاب کرنے کی توفیق نصیب فرمائے۔ آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ۔
پیارے اسلامی بھائیو! اس جگہ قرآنِ کریم کی 3شانیں بیان ہوئیں: (1):قرآنِ کریم کتابِ ہدایت ہے (2):قرآنِ کریم کتابِ حکمت ہے (3):قرآنِ کریم کتابِ رحمت ہے۔ ان تینوں شانوں کی کچھ وضاحت سنیئے!
زِندگی بھر کے لئے زبردست نصیحت
حضرت زید بن اَسْلَم رَضِیَ اللہُ عنہ سے روایت ہے: ایک مرتبہ ایک شخص بارگاہِ رِسالت میں حاضِر ہوا، پیارے آقا،سیدُ الْاَنبیا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے ایک صحابی رَضِیَ اللہُ عنہ کو فرمایا: اس (نئے آنے والے شخص) کو قرآنِ کریم سکھاؤ...! اُس صحابی رَضِیَ اللہُ عنہ نے اِس شخص کو سُورۂ زِلْزال سکھانا شروع کی، جب اُنہوں نے سُورۂ زِلْزال کی ساتویں آیت سکھائی تو اُس شخص نے کہا: بَس! مجھے کافی ہے۔ اُن صحابی رَضِیَ اللہُ عنہ نے بارگاہِ رسالت میں عرض کیا: یا رسول اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ! اس نے ابھی 7 آیات ہی سیکھی ہیں اور کہتا ہے: مجھے کافِی ہے۔ پیارے آقا، مکی مَدَنی مُصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: اسے چھوڑ دو! اسے فَقَاہَت (یعنی دِین کی سمجھ ) مِل گئی ہے۔([1])
سُبْحٰنَ اللہ! یہ ہے قرآنِ کریم کی حِکمت و نصیحت...!! اِس کا ایک ایک لفظ، ایک ایک آیت ایسی باکمال ہے کہ بندہ صِرْف ایک آیت ہی میں پُوری طرح غور کر لے تو دِل حکمت سے بَھر جاتے ہیں۔