Book Name:Naik Amal Ke Dunyawi Faiday
وَ مَنْ یَّتَّقِ اللّٰهَ یَجْعَلْ لَّهٗ مَخْرَجًاۙ(۲) (پارہ:28،سورۂ طلاق:2)
ترجَمہ کنز الایمان:اور جو اللہ سے ڈرے اللہ اس کے لئے نجات کی راہ نکال دے گا۔
پیارے اسلامی بھائیو! یہ نیک اَعْمَال کا اہم اور بنیادی فائدہ ہے کہ جو بندہ نیک اَعْمَال کرتا ہے، اللہ پاک مشکل وقت میں اس کے لئے آسانیاں پیدا فرماتا ہے اور ایسے وقت میں جب آدمی کو نجات کا کوئی راستہ نظر نہیں آ رہا ہوتا، اللہ پاک اس وقت بندے کے لئے راستے پیدا فرماتا ہے۔
نیکی بُرائی کا رستہ روک لیتی ہے
اللہ پاک کے پیارے اور آخری نبی، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہُ عَلیہ وَآلہٖ و َسَلَّم نےفرمایا: صَنَائِعُ الْمَعْرُوْفِ تَقِیَ مَصَارِعَ السُّوْءِ یعنی نیک اَعْمَال بُرائیوں سے بچا لیتے ہیں۔ ([1])
غار میں دُودھ کس نے پہنچایا...؟ (انوکھا واقعہ)
آج سے تقریباً ڈیڑھ،پونے 2سو سال پہلے کا واقعہ ہے، عرب کے کسی دیہات کا رہنے والا ایک شخص تھا، جس کا نام اِبْنِ جُدْعان تھا، موسمِ بہار میں ایک بار وہ اپنے اُونٹوں کے باڑے میں پہنچا تو دیکھا: اُس کے اُونٹ بہت فربہ اور صحت مند ہو گئے ہیں۔ ایک اونٹنی تو بہت ہی صحت مند تھی، اس کا دودھ بھی کافی اُتر رہا تھا، یہ دیکھ کر اس کا سَر شکر سے جھک گیا۔ پھر اچانک اُسے پارہ: 4، سُورۂ آلِ عمران کی یہ آیتِ کریمہ یاد آئی: