Book Name:Koh e Toor Saron Par Latak Gaya
*ڈرتے نہیں ہیں *خوف نہیں کھاتے *بےباکی اِخْتیار کرتے ہیں مگر وہ اللہ کریم ہے، وہ رحمٰن و رحیم ہے، اپنے بےپناہ حِلْم کا اِظْہار فرماتا ہے۔ ہم اپنی حالت پر ذرا غور تو کریں، بنی اسرائیل نے جو رَوَیّہ اِختیار کیا، کُوہِ طُور سروں پر لٹکا تو بات مان گئے، جب خطرہ ٹَلا تو پِھر سرکش ہو گئے، یہ رَوَیّہ ہمارے اندر بھی پایا جاتا ہے *ذرا سا زَلْزلہ آجائے، چند سیکنڈز کا جھٹکا زمین لیتی ہے، لَا اِلٰہَ اِلّا اللہ، لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہ کی صدائیں گونج جاتی ہیں، جُونہی زَلْزلہ رُکا، پِھر اپنی دُنیا میں مگن ہو گئے *کوئی خوفناک واقعہ پیش آجائے، دِل دہلا دینے والا کوئی حادثہ دیکھ لیں، دِل کانپ جاتا ہے، کانوں کو ہاتھ لگا لیتے ہیں، تَوْبہ توبہ پکارنے لگتے ہیں، جونہی وہ منظر نظروں سے اَوجھل ہوا، پِھر اپنی سرکشی پر آجاتے ہیں *کوئی ڈراؤنا خواب دیکھ لیں، خواب میں کوئی مُردَہ نظر آجائے، قبر کا کوئی منظر دیکھ لیں تو دِل کانپ جاتا ہے، دِل میں ڈر پیدا ہو جاتا ہے، پِھر جب آنکھ کُھلتی ہے، حوّاس جگہ پر آتے ہیں، پِھر اپنی اُسی روٹین پر لوٹ جاتے ہیں۔ اگر اللہ پاک کا فضل نہ ہوتا، اگر وہ رحمٰن ہم پر رحم نہ فرماتا تو ہمارے کَرْتُوت ایسے ہیں کہ ہم پر پتھر برس جاتے، آسمان سے آگ برستی، بجلیاں گِرتی، ہمیں زمین میں دَھنسا دیا جاتا مگر وہ رحمٰن ہے، اپنے مَحْبوبِ ذیشان، رحمتِ دوجہان صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کے صدقے اُن کے غُلاموں پر رحم فرماتا ہے: قرآنِ کریم میں ارشاد ہوتا ہے:
وَ رَبُّكَ الْغَفُوْرُ ذُو الرَّحْمَةِؕ-لَوْ یُؤَاخِذُهُمْ بِمَا كَسَبُوْا لَعَجَّلَ لَهُمُ الْعَذَابَؕ- (پارہ:15، کہف:58)
تَرْجمۂ کَنْزُالعِرْفان:اور تمہارا ربّ بڑا بخشنے والا، رحمت والا ہے۔ اگر وہ لوگوں کو اُن کے اَعْمال کی بِنا پر پکڑ لیتا تو جلد اُن پر عذاب بھیج دیتا۔
یاخُدا! رَحمت تری حَاوِی ہے تیرے قَہر پر