Book Name:Qabron Ke Androni Halat
پیارے اسلامی بھائیو! قبر آخرت کی منزلوں میں سے پہلی اور سب سے مشکل منزل ہے۔ قبر کا گڑھا انتہائی خوفناک ہے، خالی قبر کھودی ہوئی ہو، اندر کچھ بھی نہ ہو، اِسے دیکھ کر بھی ڈَر لگتا ہے، خالی قبر کے پاس کسی کو اکیلے بٹھا دیا جائے تو اس کے بھی پسینے چُھوٹنے لگتے ہیں، جب اُس خالی گڑھے کو دیکھنا اتنا خوفناک ہے تو سوچئے، اس قبر کے اندر اُترنا کتنا دُشْوار تَرِین ہو گا مگر آہ...!! ہم دُنیا میں آ گئے، اب یہاں سے جانا بھی لازمی ہی پڑے گا اور قبر میں بھی اُترنا ہی پڑے گا۔ اللہ پاک قرآنِ کریم میں فرماتا ہے:
ثُمَّ اَمَاتَهٗ فَاَقْبَرَهٗۙ(۲۱) (پارہ:30،سورۂ عبس:21)
تَرْجمۂ کَنْزُالعِرْفان: پھر اُسے موت دی پھر قبر میں رکھوایا۔
یہ اللہ پاک کی قُدْرت کا نشان ہے، وہی رَبِّ قادِر و قَیُّوم ہے* اس نے ہمیں پانی کی ایک بُوند سے پیدا کیا*صحت مند*تندرست و توانا انسان بنایا*اب ہمارے بازؤوں میں طاقت بھی ہے*عقل بھی ہے*شعور بھی ہے*عہدے*منصب اور القاب بھی ہیں مگر عنقریب، جلد، بہت جلد حضرت مَلکُ الموت علیہ السَّلام تشریف لے آئیں گے، رُوح جسم سے نکالی جائے گی اور ہمارے چاہنے والے ہمیں اندھیری قبر میں رکھ کر پلٹ آئیں گے۔
دِلا غافِل نہ ہو یک دَم یہ دنیا چھوڑ جانا ہے
بغیچے چھوڑ کر خالی زمیں اندر سمانا ہے
تِرا نازُک بدن بھائی جو لیٹے سَیج پھولوں پر
یہ ہوگا ایک دن بے جاں اِسے کیڑوں نے کھانا ہے