جائے نماز پر مقدس شبیہات اور امیرِ اہلِ سنت کا انداز

سیرت امیر اہل سنت

جائے نماز پر مقدس شبیہات اور امیر اہل سنت کا انداز

*مولانا حافظ حفیظ الرحمٰن  عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مئی2023

شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت ، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطّاؔر قادری  دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ دنیا بھر میں  جہاں وعظ و نصیحت ، نیکی کی دعوت او راصلاحِ معاشرہ کے حوالے سے معروف ہیں وہیں آپ کا   عشقِ مدینہ ٔمنوّرہ  اور تعظیمِ مکۂ پاک بھی مشہور و معروف ہے۔ آپ دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کی حیاتِ مبارکہ کا ہر لمحہ مدینۂ پاک کی محبت سے معمور  اور  مکۂ پاک کی عظمت سے لبریز ہے ، آپ دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کی گفتگو میں مکے اور مدینے کا کثرت سے ذکر ہوتا ہے جسے سُن کر کروڑوں مسلمانوں کے دلوں میں محبتِ مکہ و مدینہ کا چراغ روشن ہوچکا ہے۔ آپ دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ نہ صرف مکے اور مدینے سے محبت رکھتے ہیں بلکہ مکے اور مدینے سے نسبت رکھنے والی ہر چیز کی تعظیم بھی کرتے ہیں۔

اسی تعظیم و ادب کے پیشِ نظر  آپ دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ  خود ارشاد فرماتے ہیں : عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے مَعرضِ وجود میں آنے سے پہلے بھی میں خانۂ کعبہ یا گنبدِ خضرا کی شبیہ والے مُصَلّے پر نماز پڑھنے سے اِجتناب کرتا تھا۔ یہ میری اپنی سوچ ہے کہ جب ہم ان مقدَّس مقامات  کی اتنی تعظیم کرتے ہیں تو پھر ان کی شبیہ والے مصلوں پر پاؤں رکھ کر کیسے کھڑے ہوں ؟ میرے اس عمل  پر کسی سُنّی عالم نے میری مخالفت بھی نہیں  کی بلکہ ایک عالم صاحب کے پاس میرا آنا جانا تھا ، اُن کے ہاں بھی شبیہ والے مُصَلّے بچھے ہوتے تھے ، میں  نے بڑے اَدَب کے ساتھ ان کی توجُّہ اس طرف مبذول کروائی تو  انہوں  نے نہ صرف میری حمایت کی بلکہ وہ مُصَلّے بھی اُٹھوا دیئے۔

بہرحال شرعاً شبیہ والے اور مدینۂ منورہ زَادَہَا اللّٰہُ شَرَفًاوَّتَعْظِیْماً سے لائے گئے مُصَلّوں  پر نَماز پڑھنا جائز ہے لیکن اَدَب کا تقاضا یہی ہے کہ اِن  مُصَلّوں  کا بھی اِحترام کیا جائے۔ حج و عمرہ سے واپس آنے والے بہت سے لوگ مجھے بطورِ تحفہ خانۂ کعبہ اور گنبدِخضرا کی شبیہ والے مُصَلّے  دے جاتے  ہیں مگر میں ننگے فرش پر ہی  نماز پڑھنا پسند کرتا ہوں۔ ( مدنی مذاکرہ ، قسط23 )

مدینہ اس لیے عطاؔر جان و دِل سے ہے پیارا

کہ رہتے ہیں  مِرے آقا مِرے سرور مدینے میں

 ( وسائلِ بخشش مُرمّم ، ص283 )

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ  کراچی


Share