سفر نامہ

اصلِ مراد حاضری اس پاک در کی ہے

* مولانا عبد الحبیب عطاری

ماہنامہ مارچ2021

جب سے یہ خبر سنی کہ حَرَمَین طَیِّبَین کے ایئرپورٹ کھولے جارہے ہیں اور اقامہ کے علاوہ Visit Visa والوں کو بھی جانے کی اجازت ہے تب سے حاضریِ مدینہ کی تڑپ بڑھ گئی تھی۔ میرے پاس بھی Visit Visa موجود ہے اس لئے اللہ پاک کے فضل و کرم سے 3اکتوبر 2020ء بروز ہفتہ صبح تقریباً 7 بجے براستہ دبئی مدینۂ منورہ کا مبارک سفر شروع ہوا۔ تقریباً 7 مہینے کے وقفے کے بعد اکتوبر 2020ء کے ابتدائی ایام سے عمرے کا سلسلہ شروع ہوا ہے اور فی الحال روزانہ 6ہزار افراد کو عمرہ کرنے کی اجازت ہے۔

نئے قواعد : کرونا وائرس کے بعد سے حرمینِ طیبین حاضری کے قواعد و ضوابط (Rules and Regulations) میں کافی تبدیلی کردی گئی ہے۔ اکتوبر2020میں یہ اصول تھا کہ سفر سے 48 گھنٹے کے اندر اندر کرونا ٹیسٹ کروا کر اس کی منفی (Negative) رپورٹ دکھانا ضروری تھا چنانچہ 2اکتوبر  کی صبح میں نے کرونا ٹیسٹ کروایا اور اسی رات اس کی رپورٹ مل گئی ، رپورٹ ملنے تک ایک بے چینی سی رہی۔ اس رات میرے مختلف بیانات تھے ، ایک بیان کرنے کے بعد میں چیک کرتا کہ رپورٹ آئی یا نہیں؟ دوسرے بیان کے بعد تقریباً 11بجے اطلاع مل گئی کہ اَلحمدُ للہ رپورٹ ٹھیک آگئی ہے۔ اسی رات بیانات وغیرہ سے فارغ ہوکر تقریباً ساڑھے 4 بجے ایئرپورٹ روانگی ہوئی۔ ایئرپورٹ پر کاغذی کاروائی سابقہ معمول(Previous Routine) سے کافی زیادہ تھی اور کئی فارم پُر کرنا پڑے۔ کرونا وبا کے ان ایام میں کسی نے بیرونِ ملک سفر کرنا ہے تو اسے چاہئے کہ پرواز سے تقریباً 4 گھنٹے پہلے ایئر پورٹ پہنچ جائے کیونکہ کاغذی کاروائی وغیرہ میں کافی وقت لگتا ہے۔

مدینہ آنے والا ہے : دبئی پہنچ کر اگلی پرواز کئی گھنٹے بعد تھی اس لئے ہم نے وہیں ایئرپورٹ پر کچھ دیر آرام کیا۔ آرام کے بعد نمازِ ظہر ادا کی اور پھر جدہ شریف کا سفر شروع ہوگیا۔ نمازِ عصر جہاز میں جبکہ نمازِ مغرب جدہ ایئرپورٹ پر ادا کرنے کا موقع ملا۔ جدہ ایئرپورٹ پر بھی مختلف مراحل طے کرنے میں زیادہ وقت لگا اور پھر رات کا کھانا کھاکر سُوئے مدینۂ منورہ روانگی ہوئی۔ راستے بھر ذِکْر و دُرود  کرنےاور نعت شریف سننے کا سلسلہ رہا ، ایک عجیب کیفیت طاری تھی اور کئی عاشقانِ رسول اشک بار تھے۔ رات تقریباً ڈیڑھ بجے مدینۂ منوّرہ میں داخلہ ہوا۔ اس وقت تھکن عروج پر تھی اس لئے نمازِ عشا پڑھ کر آرام کیا ، نمازِ فجر کے بعد بھی آرام کا سلسلہ رہا۔

بارگاہِ رسالت میں حاضری : امیرِ اہلِ سنّت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت  بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے اپنی کتاب “ رفیق الحرمین “ میں یہ مشورہ دیا ہے کہ مدینۂ منورہ پہنچ کر پہلے آرام وغیرہ کریں اور پھر تمام ضروریات سے فارغ ہوکر روضۂ انور پر حاضری دی جائے تاکہ ذوق و شوق قائم رہے۔

نمازِ ظہر کے بعد غسل کرکے نیا لباس پہن کر بارگاہِ رسالت میں حاضری کا شرف حاصل ہوا۔ ان دنوں کرونا وائرس کی وجہ سے روضۂ انور کی طرف جانے والے دروازے بند ہیں اس لئے باہر صحن میں گنبدِ خضراء کے سامنے کھڑے ہوکر بارگاہِ رسالت میں حاضری کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس موقع پر دُرود و سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ امیرِ اہلِ سنّت اور دیگر اسلامی بھائیوں کا سلام بھی عرض کیا۔

بارگاہِ رسالت میں عرض و معروض کے بعد مسجدِ نبوی شریف میں اس مقام پر حاضری ہوئی جہاں چھتریاں لگی ہیں اور وہاں سے سبز گنبد کی زیارت بھی ہوتی ہے۔

کیا سبز سبز گنبد کا خوب ہے نظارہ

ہے کس قدر سُہانا کیسا ہے پیارا پیارا

(وسائلِ بخشش ، ص317)

نمازِ عشا تک مسجدِ نبوی شریف میں حاضری رہی ، نماز و تلاوت اور ذِکر و اَذکار کے علاوہ اسلامی بھائیوں سے ملاقات بھی ہوئی۔

اُحد شریف کی حاضری : مسجدِ نبوی شریف سے اپنی قیام گاہ واپس آکر کچھ دیر آرام کیا اور پھر رات گئے دیگر شہدائے احد سمیت سیِّدُ الشّہداء حضرت سیّدُنا امیر حمزہ  رضی اللہ عنہ  کے مزار شریف پر حاضری ہوئی۔

مدینہ منوّرہ میں پیر کے روزے کی بہاریں : اگلے دن پیر شریف کو مدنی قافلے کے اسلامی بھائیوں نے روزہ رکھنے کے لئے سحری کی۔ دوپہر میں ایک بار پھر مسجدِ نبوی شریف کی پُرنور فضاؤں میں حاضری ہوئی۔ پیر کے دن مدینۂ منوّرہ میں کثیر تعداد میں لوگ روزہ رکھتے ہیں اور مسجدِ نبوی شریف میں افطار کے لئے اہتمام ہوتا ہے۔ کرونا وائرس کے معاملات اور پابندیوں کی وجہ سے فی الحال وہ ماحول نہیں ہے ، پھر بھی ہم نے مسجدِ اقدس میں ہی افطار کیا۔ یاد رہے کہ مسجد میں کھانا ، پینا ، سونا اور سحری و افطار کرنا منع ہے ، اگر اعتکاف کی نیت کرلی ہو تو ضمناً یہ کام جائز ہوجاتے ہیں۔

احتیاطی تدابیر : ان دنوں مسجدِ نبوی شریف میں داخلے کے لئے ماسک پہننا ضروری ہے ، نیز احتیاطی تدابیر کے طور پر زَم زَم شریف کے کولر بھی ہٹا دئیے گئے ہیں اس لئے زائرین کو چاہئے کہ ماسک پہن کر اور پانی کی بوتل ساتھ لے کر جائیں۔

آج رات امیرِ اہلِ سنّت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت  بَرَکَاتُہمُ العالیہ  کی والدہ ماجدہ کے عرس کی رات ہے۔ رات میں جب ہمارا مدنی قافلہ سیّدُ الشہداء  رضی اللہ عنہ  کے مزار شریف پر حاضر ہوا تو وہاں اُمِّ عطّار کے ایصالِ ثواب کے لئے لنگر کی ترکیب بھی ہوئی۔

مدینہ منوّرہ سے مدنی مشوروں میں شرکت : پیارے اسلامی بھائیو! ہم دنیا میں کہیں بھی موجود ہو ں دین کی خدمت اور دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں سے متعلق مصروفیات کا سلسلہ بھی جاری رہنا چاہئے۔ اللہ پاک کے کرم سے حاضریٔ مدینہ کے دوران دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات ، مجالس اور ذمّہ داران کے مدنی مشوروں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ شبِ جمعہ میں 2مقامات پر مدنی حلقوں میں بیان کرنے کی سعادت بھی نصیب ہوئی۔

متفرق سرگرمیاں : اس سفر کے دوران مدینۂ منوّرہ میں ایک عربی شیخ کے گھر محفل میں حاضری ہوئی جہاں مجھے قصیدۂ بُردہ شریف پڑھنے کی سعادت ملی۔ ہمارے عربی میزبان نے بڑی محبت سے ہمیں مچھلی کا لنگر کھلایا۔ انہی دنوں غزوۂ خندق کے مقام اور دیگر زیارات کے لئے بھی حاضری ہوئی نیز مختلف مقامات پر مدنی چینل کے لئے ریکارڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

کرونا وائرس کا شکار ہوکر انتقال فرمانے والے مرحوم سعید عطّاری بھائی کے گھر جاکر ان کے لواحقین سے تعزیت کرنے کا موقع بھی ملا۔ مَا شَآءَ اللہ سعید عطّاری بھائی کی قسمت! مدینۂ منوّرہ میں ان کی تدفین ہوئی۔ اللہ کریم ہمیں بھی ایمان و عافیت کے ساتھ مدینے میں موت اور جنّتُ البقیع میں مَدْفن عطا فرمائے۔

میں ہوں سنی رہوں سنی مروں سنی مدینے میں

بقیعِ پاک میں بن جائے تُربت یارسولَ اللہ

(وسائلِ بخشش ، ص331)

مسجدِ قُبا میں حاضری : فرمانِ مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  ہے : اَلصَّلَاةُ فِي مَسْجِدِ قُبَا كَعُمْرَةٍ یعنی مسجدِ قُبا میں نماز پڑھنا عمرے کے برابر ہے۔ (ترمذی ، 1 / 348 ، حدیث : 324)

مسجدِ قبا شریف ان دنوں صرف نماز کے اوقات میں کھلتی ہے۔ مسجد میں جانے والوں کے لئے ماسک پہننے کے علاوہ جانماز ساتھ لانا بھی ضروری ہے۔ جب ہم مسجدِ قبا شریف حاضر ہوئے تو ایک صاحب آنے والوں میں جانماز تقسیم کررہے تھے۔

اللہ کریم بار بار مکے مدینے کی باادب حاضری اور حج و عمرہ کی سعادتیں مقدر فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ* رکنِ شوریٰ و نگران مجلس مدنی چینل


Share