سفر نامہ

ترکی کا سفر (تیسری اور آخری قسط)

* مولانا عبدالحبیب عطّاری

ماہنامہ جنوری2022

فروری 2021ء بروز ہفتہ ہم نے استنبول سے قونیہ جاکر شاہ شمس تبریز اور مولانا روم  رحمۃ اللہ علیہما  کے مزارات پر حاضری کی سعادت حاصل کی تھی جس کی تفصیل گزشتہ قسط میں بیان کی گئی۔ قُونیہ میں جیسے ہی شام ہوئی تو موسم ٹھنڈا ہوتا چلا گیا یہاں تک کہ درجۂ حرارت منفی سات ڈگری تک چلا گیا۔ وہ رات ہم نے قونیہ میں گزاری اور پھر اگلی صبح بروز اتوار 6 بجے کی فلائٹ سے واپس استنبول روانہ ہوئے ، استنبول پہنچ کر ہم نے پہلے قانونی تقاضا پورا کرنے کے لئے کورونا ٹیسٹ کروایا اور پھر کچھ دیر آرام کیا۔

سفر سے قبل کرونا ٹیسٹ : ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے قارئین! اگر آپ نے بیرونِ ملک سفر کرنا ہو تو کئی دن پہلے معلومات حاصل کرلیں کہ متعلقہ ملک میں سفر کیلئے کورونا ٹیسٹ سے متعلق قوانین کیا ہیں تاکہ آپ کو آخری وقت پر پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ہمارے اس سفر کے دوران یعنی فروری 2021ء میں ترکی سے پاکستان سفر کے لئے کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ لے کر جانا ضروری ہے۔ بہتر یہ ہے کہ سفر سے تقریباً72 گھنٹے پہلے ٹیسٹ کروالیا جائے ، اس ٹیسٹ کی رپورٹ عموماً8 سے 10 گھنٹے میں آجاتی ہے۔

ترکی کے مبلغین کا مدنی مشورہ : ظہر کی نمازسے پہلے ہم نے فیضانِ مدینہ استنبول میں ایک مدنی مشورہ رکھا تھا جس میں ترکی کے مبلغینِ دعوتِ اسلامی کے ساتھ ساتھ پاکستان سے بھی بعض اراکینِ شوریٰ ، اجارہ مجلس اور جدول مجلس کے متعلقہ ذمہ داران آن لائن شریک ہوئے۔ اس مدنی مشورے میں بیرونِ ملک مبلغین کے مسائل اور ان کے حل کے لئے کافی مفید گفتگو ہوئی ، مفتی قاسم صاحب  مُدَّ ظِلُّہُ العالی  نے بھی اس مشورے میں ہماری شرعی راہنمائی فرمائی۔

نمازِ ظہر ہم نے فیضانِ مدینہ میں ادا کی ، اس موقع پر کثیر اسلامی بھائی موجود تھے۔ نماز کے بعد مفتی قاسم صاحب نے سنّتوں بھرا بیان فرمایا اور پھر اسلامی بھائیوں سے ملاقات ہوئی۔

فیضانِ مدینہ استنبول کا تعمیراتی منصوبہ : اس موقع پر ذمہ داران کے ساتھ ایک کنٹریکٹر سے بھی ملاقات ہوئی جس میں استنبول میں نئے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کی تعمیرات سے متعلق گفتگو ہوئی۔ پاکستان کی نسبت ترکی میں تعمیرات کا خرچ کافی زیادہ ہے اور چونکہ یہاں سردی بہت پڑتی ہے اس لئے عمارات میں Heating System  بھی لگانا ہوتا ہے۔ اِن شآءَ اللہ یہ مدنی مرکز نہایت عظیمُ الشان اور خوبصورت ہوگا جو دنیا کے کثیر ممالک میں موجودسینکڑوں مدنی مراکز میں ایک امتیازی شان کا حامل ہوگا۔ ہم نے مختلف پیشہ ور افراد سے Quotations لینے کے بعد مدنی مرکز کی تعمیرات کے لئے جو کانٹریکٹ سائن کیا وہ تقریباً ساڑھے سات لاکھ امریکی ڈالر کا ہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 12 سے 13 کروڑ روپے بنتے ہیں۔ جن اسلامی بھائیوں نے اس مدنی مرکز کیلئے جگہ کی خریداری میں تعاون کیا ، اللہ پاک انہیں دنیا و آخرت کی بھلائیاں نصیب فرمائے اور اس  کی تعمیرات میں بھی ہماری غیب سے مدد فرمائے۔

ما شآءَ اللہ استنبول کے موجودہ فیضانِ مدینہ میں اسٹوڈیو بھی بنا ہوا ہے جہاں مدنی چینل کیلئے عربی اور ترکش زبانوں میں ریکارڈنگ ہوتی ہے۔ مفتی قاسم صاحب اور میں اس اسٹوڈیو میں گئے جہاں ہم نے مقامی ناظرین و سامعین کے لئے ریکارڈنگ کروائی جس کا ترجمہ مبلغ اسلامی بھائی نے ترکش زبان میں کیا اور یہ پروگرام ترکش دعوتِ اسلامی کے فیس بک پیج پر LIVE بھی نشر کیا گیا۔

استنبول سے کراچی واپسی : یہاں سے فارغ ہوکر ہم تقریباً 5 بجے استنبول ایئرپورٹ پہنچے جہاں سے رات 8 بجے کی فلائٹ سے ہماری پاکستان کے لئے روانگی تھی۔

کراچی سے براہِ راست استنبول جائیں تو پونے چھ گھنٹے کی جبکہ استنبول سے کراچی پانچ گھنٹے کی فلائٹ ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مشرق(East)سے مغرب(West) کی طرف جاتے ہوئے ہَوا مخالف ہوتی ہے جبکہ مغرب سے مشرق کی طرف آتے ہوئے ہوا مُوافق ہوتی ہے اور ہَوا کے دباؤ کی وجہ سے سفر جلدی طے ہوجاتا ہے۔

حرمینِ طیبین کا سفر کرنے والوں کو بھی اس کا تجربہ ہوگا کہ کراچی سے جدہ 4 گھنٹے جبکہ جدہ سے کراچی ساڑھے تین گھنٹے کا سفر ہوتا ہے۔

رات تقریباً ساڑھے تین بجے ہم کراچی ایئرپورٹ پہنچے اور ہمارا سفرِ ترکی اختتام پذیر ہوا۔ ربِّ کریم ہمارے اس سفر کو قبول فرمائے اور ترکی میں دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کو ترقی و عروج عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* رکن شوریٰ و نگران مجلس مدنی چینل


Share