Book Name:Israaf Kay Deeni o Dunyawi Nuqsanat

اِس کا عہد کر لیجئے ! اللہ پاک کی قسم ! قِیامت میں ذرہ ذرہ کا حِساب ہونا ہے ، یقیناً کوئی بھی قِیامت کے حِساب کی تاب نہیں رکھتا ، سچّی توبہ کر لیجئے ! دُرُودِ پاک پڑھ کر عَرْض کیجئے : يااللہ پاک ! آج تک میں نے جتنا بھی اِسراف کیا اُس سے اور تمام صغیرہ و کبیرہ گناہوں سے توبہ کرتا ہوں اور تیری عطا کردہ توفیق سے آئندہ گناہوں سے بچنے کی بھر پور کوشش کروں گا ، یا ربِّ مصطَفےٰ  ! میری توبہ قَبول فرما اور مجھے بے حِساب بخش دے۔ ( [1] )

صدقہ پیارے کی حیا کا کہ نہ لے مجھ سے حساب                  بخش بے پوچھے لجائے کو لجانا کیا ہے ( [2] )

 * اِسْراف سے بچنے کے لئے عِلْمِ دِین سیکھنا بہت ضروری ہے ، لہٰذا اس بارے میں ضروری عِلْمِ دین سیکھ لیجئے ! اس کے لئے شیخِ طریقت ، امیر اہلسنت دَامَت برکاتہم العالیہ کی مشہور و معروف کتاب فیضانِ سُنّت سے آدابِ طعام اور رسالہ بجلی استعمال کرنے کے مدنی پھول پڑھ لیجئے ! اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم ! بہت سارا عِلْمِ دین بھی سیکھنے کو ملے گا ، کئی ایک سُنتوں کی معلومات ہوں گی اور اِسْراف سے بچنے کا بھی ذِہن بنے گا * اسراف سے بچنے کے لئے حُسَّاس ہونا بہت ضروری ہے؛ اللہ پاک کی دِی ہوئی نعمتوں کی قدر دِل میں بڑھائیں ، دِل میں احساس پیدا کریں ، اِسْراف کو گُنَاہ جانتے ہوئے سنجیدگی کے ساتھ اس سے بچنے کا پکّا ذِہن بنا لیں گے تو اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم ! بہت حد تک اِسْراف سے بچاؤ کی صُورت بن جائے گی * کئی لوگ فیشن پرستی ، دِکھاوے اور اکڑ کی وجہ سے بھی اِسْراف کے گُنَاہ میں مبتلا ہوتے ہیں ، ایسوں کو چاہئے کہ قبر و آخرت کا خیال کریں ، دُنیا سے جانا ، اللہ کریم کو مُنہ دکھانا ہے ، یہ بات ہمیشہ یاد رکھیں۔


 

 



[1]...فیضانِ سنت ، صفحہ : 254۔

[2]...حدائقِ بخشش ، صفحہ : 171۔