Book Name:Farooq e Azam Aur Maaf Karne ki Aadat

پیارے اسلامی بھائیو! یہ چاروں باتیں اپنے دِل میں بٹھا لیجئے! *رحم کیا کریں، اللہ پاک رحم فرمائے گا *مُعَاف کیا کیجئے! روزِ قیامت گُنَاہوں کی مُعَافی ملے گی *تَوبہ کیا کیجئے! اللہ پاک تَوبَہ قبول فرما لے گا *خُود کو گُنَاہوں سے، بُری باتوں سے، بُرے کردار سے، بُرے اَخْلاق سے، دُنیا و آخرت کے نقصان سے بچانے کی کوشش کیا کیجئے! رَبِّ کریم! غیب سے مدد فرمائے گا اور دُنیا و آخرت کے نقصانات سے حفاظت ہو گی۔

بیوی کو مُعَاف کیا تو بخشش ہو گئی

ایک شخص تھا، اس کا انتقال ہوا، کسی نے خواب میں دیکھا، پُوچھا: کیا گُزری۔ کہا: ایک دِن بیوی نے کھانے میں نمک زیادہ ڈال دیا تھا، مجھے غُصّہ آیا مگر پی کر گیا اور اسے کچھ نہ کہا، بَس اسی عَمَل کے سبب اللہ پاک نے میرے گُنَاہ بخش دئیے! ([1])

سُبْحٰنَ اللہ! مُعَاف کرنے والے کو مُعَافی ملتی ہے، لہٰذا ہم مُعَاف کرنا اپنا لیں*گھر میں *باہَر دوستوں میں ہر جگہ مُعَاف کرنا اپنائیں *بیوی سے کوئی خطا ہو جائے، مُعَاف کر دیجئے! *بچے غلطی کر لیں، ان کی تربیت کیجئے! مگر مُعَاف بھی کر دیجئے! *چھوٹے بھائی سے، بہن سے کوئی غلطی ہو جائے، مُعَاف کر دیجئے! *راہ چلتے ہوئے، کوئی ہم سے ٹکرا جائے، مُعَاف کر دیجئے! غرض کہ روزانہ بہت ساری باتیں ہمارے مزاج کے خِلاف ہوتی رہتی ہیں، مُعَاف کرنے کی عادَت بنائیے! اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! ثواب بھی ملے گا اور آخرت میں چھٹکارے کی صُورت بننے کی بھی بہت اُمِّید ہے۔ اللہ پاک ہمیں عَمَل کی توفیق نصیب فرمائے۔ آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم۔


 

 



[1]...بیانات عطاریہ، صفحہ:164 خلاصۃً۔