Book Name:اِنَّا لِلّٰہ Parhnay Ki Barkatein
یعنی مصیبت پر صبر کرتے ہوئے اِنَّا لِلّٰہ پڑھنے کی برکت سے انہیں ایک دو نہیں بلکہ 3 اِنْعَام ملیں گے ؛ (1): ان پر اللہ پاک کی درودَیں برسَیْں گی (یعنی ان کے گُنَاہ مُعَاف کئے جائیں گے، ان پر خاص عنایات ہوں گی اور دُنیا و آخرت میں ان کو عزّت و عظمت(Dignity) عطا کی جائے گی) (2): پِھر ان پر اللہ پاک کی رحمت بھی برسَیْں گی (3): اور تیسری فضیلت یہ کہ یہ لوگ دُنیا و آخرت میں پُوری ہدایت پر ہیں،([1]) دُنیا میں اس طرح کہ ہر حالت میں (یعنی خوشحالی میں شکر کر کے اور مصیبت کے وقت صبر کر کے) رَبِّ کریم کا قُرْب حاصِل کرنے میں کامیاب(Successful) رہیں گے اور آخرت میں اس طرح کہ کوئی تو نیکیاں کر کے جنّت کماتا ہے، کوئی گُنَاہوں سے بچ کر دوزخ سے بچ جاتا ہے مگر یہ صبر کرنے والے، مصیبت پر اِنَّا لِلّٰہ پڑھنے والے اللہ پاک کی رضا پا لینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
بیٹے کی وفات پر عمدہ کپڑے پہنے
حضرت ثابِت بُنانی رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں: ایک مرتبہ تابعی بزرگ حضرت مُطَرِّف رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کے بیٹے کا انتقال ہو گیا (ظاہِر ہے بیٹے کا فوت ہونا، بڑا گہرا صدمہ ہوتا ہے مگر حضرت مطرف رحمۃ اللہ علیہ نے اس پر کمال صبر کیا)، آپ اس وقت بھی عمدہ کپڑے پہنے ہوئے، تیل وغیرہ لگائے ہوئے تھے۔ لوگوں نے آپ سے کہا: آپ کے بیٹے کا انتقال ہوا ہے اور آپ تیل لگائے، عمدہ کپڑے پہنے ہوئے ہیں؟ آپ نے فرمایا: تو کیا میں کم ہمتی کا اِظْہار کروں؟